ڈرون حملوں کے متاثرین نے پاکستان میں امریکی سی آئی اے کے مقامی چیف جوناتھن بینکس کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے لئے اسلام آباد میں درخواست جمع کرا دی ہے۔

شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے کریم خان نے اپنے وکیل کے ہمراہ تھانہ سیکرٹریٹ اسلام آباد میں درخواست جمع کروائی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سی آئی اے کے مقامی چیف جوناتھن بینکس پاکستان میں جاسوسی کا نیٹ ورک چلا رہا ہے اورپاکستان میں غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث ہے۔ درخواست کے مطابق سی آئی اے کے چیف کی جاسوسی کی وجہ سے کریم خان کے گھر پرحملہ ہوا جس میں اس کا بھائی اور بیٹا شہید ہوئے۔اس لیے اس کے خلاف قتل، اقدام قتل، جاسوسی اور دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا جائے۔ پولیس نے درخواست وصول کرکے لیگل برانچ سے مشاورت کے بعد ایف آئی آر درج کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ کریم خان اور ان کے وکیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی آر درج نہ کی گئی توعدالت سے رجوع کیا جائے گا۔ انھوں نے بتایا کہ مزید قبائلی بھی امریکیوں کے غیر قانونی اقدامات کے خلاف درخواستیں دیں گے۔

ای پیپر دی نیشن