بدھ کو قومی اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹہ سے زائد تاخیر سے شروع ہوا، یوں ایوان زیریں کے ارکان بروقت اجلاس کی راہ میں حائل رہے، ایوان میں جہاں ارکان کی حاضری مایوس کن تھی وہاں وزراءکی فوج ظفر موج بھی غائب تھی۔ حکومتی اتحاد کے چیف وہپ خورشید شاہ نے لگی لپٹی رکھے بغیر اس بات کو تسلیم کیا کہ ”وزراءکا غیر ذمہ دارانہ رویہ حکومت کیلئے شرمندگی کا باعث بن رہا ہے ہے۔ وقفہ سوالات کے دوران وفاقی وزراءکی غیر موجودگی پر اراکین اسمبلی نے شدید احتجاج کیا اور کہا کہ وفاقی وزارت پانی و بجلی سمیت دیگر وزارتیں نے ارکان کے سوالات کے جوابات بھی پارلیمنٹ کو بھجوانے کی زحمت گوارہ نہیں کر رہیں وفاقی وزارت پانی و بجلی نے پارلیمنٹ کو بے توقیر کر دیا ہے۔ وزارت نے 25 سوالات کے جوابات نہیں دیئے۔