لیپ ٹاپ ووٹ یا سپورٹ کے لئے نہیں ‘ صرف میرٹ پر تقسیم کر رہے ہیں: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگر قیادت ویژنری اور خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار ہو تو لیپ ٹاپ، آشیانہ، دانش سکول، خود روزگار سکیم، انٹرن شپ پروگرام ، گرین ٹریکٹراور ییلو کیب سکیم جیسے فلاحی پروگرام سامنے آتے ہیں۔ کاش زربابا اور چالیس چوروں کا ٹولہ بھی لوٹ مار کرنے کی بجائے وسائل عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کرے۔ نوجوان قوم کے درخشندہ ستارے ہیں، ملک و قوم کا مستقبل ان سے وابستہ ہے، نئی نسل کو جدید علوم سے آراستہ کر کے قوم کی تقدیر بدل دیں گے۔ گذشتہ برس ہونہار طلبا و طالبات میں سوا لاکھ سے زائد لیپ ٹاپ میرٹ کی بنیاد پر تقسیم کئے گئے اور دوسرے مرحلے میں بھی اتنے ہی لیپ ٹاپ طلبا و طالبات میں میرٹ کی بنیاد پر تقسیم کئے جا رہے ہیں۔ پنجاب حکومت نے صوبے میں میرٹ اور شفافیت کو فروغ دیا ہے۔ اگر مجھ پر ایک پیسے کی بدعنوانی ثابت ہو جائے تو میرا گریبان اور آپ کا ہاتھ ہو گا۔ وہ گذشتہ روز کنیئرڈ کالج میں طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ کالج کی پرنسپل ڈاکٹر رخسانہ ڈیوڈ نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اقتدار میں آتے ہی پنجاب میں فروغ تعلیم کو اپنی پہلی ترجیح بنایا اور تعلیمی شعبے کی ترقی کیلئے انقلابی اقدامات کئے۔ 4 سال قبل ملک کی تاریخ میں پہلی بار پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ قائم کیا گیا۔ آج یہ فنڈ 10 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے۔ دو سال قبل 5 ارب روپے کی لاگت سے صوبے کے 4300 ہائی سکولوں میں قائم کی گئی آئی ٹی لیبز سے پنجاب بھر کے لاکھوں طلبا و طالبات جدید علوم سے آراستہ ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ تقسیم کے پروگرام کو ووٹ یا سپورٹ حاصل کرنے کا الزام لگانے والے جان لیں کہ لیپ ٹاپ رنگ، نسل اور مذہب سے بالاتر ہو کر صرف اور صرف میرٹ پر تقسیم کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے پڑھے لکھے پنجاب کا نعرہ لگایا، اشتہارات پر اربوں روپے خرچ کئے اور تعلیم کے نام پر قومی وسائل کو بیدردی سے لوٹا۔ یہی وجہ ہے کہ ہم پاکستان کو قائدؒ اور اقبالؒ کا ملک نہیں بنا سکے۔ اگر معاشی و معاشرتی انصاف، تعلیم اور امن و امان کی ٹرائی اینگل کو ٹھیک کرلیں تو پاکستان اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر سکتا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ڈکٹیٹر مشرف نے جمہوریت پر شب خون مار کر پاکستان کے ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالا، ہمیں جلاوطن کیا اور ہمیں پاکستان آنے سے روکا۔ آج مشرف پر ملک میں آنے پر کوئی پابندی نہیں ہے لیکن پھر بھی وہ پاکستان نہیں آ رہا۔ یہ مکافات عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری قوم کی بیٹی ملالہ یوسف زئی کی عیادت کیلئے بیرون ملک گئے ہیں لیکن ملالہ برمنگھم کے ہسپتال میں زیر علاج ہے جبکہ ملالہ کانفرنس فرانس کے شہر پیرس میں ہو رہی ہے۔ زرداری صاحب یہ کیا ماجرا ہے؟ دراصل زرداری ملالہ کی عیادت کیلئے نہیں گئے بلکہ گذشتہ دور میں فرانس سے خریدی گئی آگسٹا آبدوزوں میں لی گئی کمیشن کے کیسوں کے حوالے سے فرانس گئے ہیں۔ اس بات میں کوئی شک و شبہ نہیں کہ زرداری نے 1994ءمیں فرانس سے خریدی گئی آبدوزوں کے معاہدے میں جی بھر کر کمیشن کھائی اور فرانس کے سابق صدر سرکوزی پر اس حوالے سے مقدمات درج ہوئے۔ کتنا اچھا ہو اگر مسٹر زرداری ملالہ کانفرنس کو چار چاند لگاتے ہوئے قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس لے آئیں اور پاکستان کے حوالے کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے شہریوں کو آرام دہ، پائیدار اور محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے میٹرو بس سروس کا عظیم الشان منصوبہ شروع کیا ہے جو جلد پایہ تکمیل کو پہنچنے والا ہے۔ اس میٹرو بس میں میرے سمیت صوبائی وزرا، ججز، تاجر اور سرکاری افسران سفر کریں گے۔ میٹرو بس پراجیکٹ ملک میں ٹرانسپورٹ کے نظام کو بدل کر رکھ دے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک دم میں دم ہے ملک و قوم کی خدمت کرتے رہیں گے۔ پاکستان کو امداد لینے والا نہیں بلکہ امداد دینے والا ملک بنانے تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کنیئرڈ کالج کی 5 طالبات کو انٹرن شپ پروگرام کے تحت وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں انٹرن شپ کرانے کا اعلان کیا۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ شہباز شریف سے چین کے پیپلز انسٹی ٹیوٹ آف فارن افیئرزکے نائب صدر مسٹر لوشومن کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے نئی چینی قیادت کی کامیابی کیلئے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ چین پاکستان کا مخلص اور قابل اعتماد دوست ملک ہے جس نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ جنگیں ہوں، سیلاب، زلزلہ یا کوئی قدرتی آفت، چین نے ہمیشہ پاکستان کی مدد کی ہے۔ نواز شریف نے پاک چین تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کے باعث معاشی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف پاکستان نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔ قبل ازیں وزیر اعلیٰ نے مسیحی برادری کے سرکاری ملازمین کو ماہ دسمبر کی تنخواہوں کی ادائیگی 20 دسمبر تک کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ انہوں نے پرائیویٹ اداروں سے بھی اپیل کی ہے کہ مسیحی ملازمین کو 20 دسمبر تک تنخواہوں کی ادائیگی کردی جائے۔دریں اثناءشہبازشریف سے جے یو پی کے سینئر نائب صدر مولانا اویس نورانی، قاری زوار بہادر اور پیر اعجاز ہاشمی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔ شہبازشریف نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کو دہشت گردی اور انتہاپسندی جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے، وقت کا تقاضا ہے کہ قوم کو متحد کیا جائے۔

ای پیپر دی نیشن