”شاہراہ قائداعظم سے واہگہ تک مارچ بھارتی سازشوں کے خلاف ریفرنڈم ہو گا“

Dec 13, 2012


لاہور (رپورٹ فرخ سعید خواجہ) دفاع پاکستان میں شامل آٹھ جماعتوں کے رہنماﺅں نے نوائے وقت گروپ کے دفاتر کے دورے میں ایڈیٹر انچیف نوائے وقت گروپ مجید نظامی اور ان کے اداروں نوائے وقت، دی نیشن اور وقت نیوز کی جانب سے پاکستان کی نظریاتی حفاظت کرنے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا اور توقع ظاہر کی کہ بھارت نواز حکمرانوں اور اپوزیشن میں شامل بھارت سے دوستی کے خواہشمند مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈالنے کی پالیسی پر نظرثاتی کر کے پاکستان کے کروڑوں عوام کی خواہشات کی لاج رکھیں گے۔ تحریک حرمت رسول پاکستان کے چیئرمین مولانا امیر حمزہ، صدر جمعیت مشائخ اہلسنت پاکستان پیر سیف اللہ خالد، مرکزی رہنما جماعت الدعوة پاکستان قاری محمد یعقوب شیخ، صدر اہلسنت والجماعت پاکستان مولانا شمس الرحمان معاویہ، جنرل سیکرٹری لاہور ڈویژن عوامی مسلم لیگ ڈاکٹر عارف، صدر محسنان پاکستان، ڈاکٹر احسان ظفر اور صدر لاہور ڈویژن اہلسنت والجماعت پاکستان مولانا محمد حسین نے کہا کہ 16دسمبر کو دفاع پاکستان کونسل کے زیراہتمام مسجد شہداءشاہراہ قائداعظم سے واہگہ بارڈر کارواں میں طلبائ، وکلاءتاجر، سول سوسائٹی اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لاکھوں افراد کا بھارتی سازشیوں کے خلاف ریفرنڈم ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد بھارت کشمیر میں 500 نئی چیک پوسٹیں بنا رہا ہے۔ وہاں 18ہزار کشمیریوں کو لاپتہ کر دیا گیا ہے۔ 2سال میں ڈیڑھ ہزار کشمیری خواتین کی عزتیں پامال کی گئی ہیں پاکستان کو صحرا بنانے کے لئے بھارت اپنے ناپاک منصوبوں پر عمل پیرا ہے اور اب دریائے چناب پر ہائیڈل بجلی گھر بنانا شروع کر دیا ہے جس سے ہماری زراعت تباہ ہو رہی ہے۔ دفاع پاکستان کونسل کے رہنماﺅں نے کہا کہ 16دسمبر کو مسجد شہداءسے واہگہ بارڈر تک پرامن مارچ میں پنجاب حکومت رکاوٹیں ڈالنے سے باز رہے۔ انہوں نے ڈی سی او لاہور کی یقین دہانی کے باوجود دفاع پاکستان کونسل کے بینر اتارے جانے کی مذمت کی۔

مزیدخبریں