اسلام آباد (آئی این پی) عوامی نیشنل پارٹی کے ترجمان سینیٹر زاہد خان نے کہا ہے کہ آئین میں موجودہ اسمبلیوں میں توسیع کی کوئی گنجائش نہیں اگر کسی ادارے کی جانب سے عبوری سیٹ اپ یا اسمبلیوں کی مدت بڑھانے کی کوشش کی گئی تو اے این پی ایسے اقدام یا فیصلے جو آئین سے متصادم ہونگے کی نہ صرف مخالفت کرے گی بلکہ ان کے راستے میں رکاوٹ بنے گی موجودہ احتساب بل قبول نہیں اب صوبوں کیلئے عام انتخابات سے قبل بلدیاتی انتخابات کرانا ممکن نہیں۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہاﺅس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر زاہد خان نے کہا کہ اے این پی ہمیشہ آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی کے لئے کوشاں رہی ہے دوہری شہریت کے حوالے سے بل کی بھی مخالفت کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ احتساب بل موجودہ شکل میں قبول نہیں ہے ایک سوال پر زاہد خان نے کہا کہ سیاسی اتحاد کیلئے ہمارے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں ابھی کوئی بات کہنا قبل از وقت ہوگا۔ گورنر پنجاب کے خلاف تحریک التواءواپس لینے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔