لاہور (سپورٹس رپورٹر) بھارتی منفی ہتھکنڈوں کے باوجود پاکستان کبڈی ٹیم نے عالمی کپ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں کینیڈا کو شکست دیکر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔ بھارت کے شہر بھٹینڈا میں کھیلے جانے والے سیمی فائنل میچ میں پاکستان ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 27 کے مقابلے 53 پوائنٹس سے کامیابی اپنے نام کی۔ پاکستانی ٹیم کے کپتان مشرف جاوید سمیت سجاد، عرفان اور لالہ عبیداﷲ نے شاندار کھیل کا پیش کیا۔ سیمی فائنل میچ سے قبل میزبان ملک بھارت کی جانب سے کینیڈا کی ٹیم میں تین بھارتی کھلاڑیوں کو شامل کرنے کی کوشش کی تھی تاکہ پاکستان کو فائنل تک نہ پہنچنے دیا جائے۔ پاکستان کبڈی ٹیم انتظامیہ کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراضات کے بعد عالمی کپ کی انتظامیہ پاکستان کا مﺅقف ماننے پر مجبور ہو گئی۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 15 دسمبر کو کھیلا جائیگا۔