گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا سلسلہ شروع ہوتے ہی کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی۔ کراچی میں بارش کا سلسلہ رات تین بجے کے بعد شروع ہوا۔ گلشن اقبال، گلستان جوہر، فیڈرل بی ایریا، کورنگی ، ملیر کینٹ، ایئرپورٹ، آئی آئی چندریگر روڈ، نارتھ ناظم آباد اور نارتھ کراچی میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی، تیز ہواؤں کے ساتھ بادل گرجنے کے باعث شدید دھماکے بھی سنے گئے۔ عائشہ منزل، ڈیفنس، کلفٹن، حسن اسکوائر، یونیورسٹی روڈ، گارڈن رنچھوڑ لائن، لیاری اور اطراف میں بھی تیزبارش کی وجہ سے کئی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا ہے۔ بارش سے نرسی، شارع فیصل، کارس ساز اور اطراف کے علاقے بھی متاثرہوئے۔ کراچی سے متصل بلوچستان کے شہر حب اور گرد و نواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ دوسری جانب شمالی وزیرستان کے علاقوں میران شاہ، رزمک، شوال اور لواڑہ منڈی کے پہاڑوں پر برفباری اوربارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔