کراچی، پشاوراورپنجاب کے کئی شہروں میں بارش اورپہاڑوں پربرفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ، ٹھنڈی ہواؤں سے بچنے کےلیے گرم کپڑوں کااستعمال بھی بڑھ گیا۔

ملک میں جاری خشک سردی کی لہر اپنے اختتام کوہے اورکئی شہروں میں ابررحمت برس رہا ہے۔ کراچی میں بھی بادلوں اورکالی گھٹاؤں کا راج ہے جس نے شہربھرمیں جل تھل کردی، بارش سے جہاں سردی کی شدت میں اضافہ ہواوہیں ٹریفک کی روانی بھی متاثرہوئی۔ اسلام آباد اورراولپنڈی کے کئی علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس سے ٹھنڈ میں اضافہ ہوگیا۔ ملتان اورگردونواح میں ہلکی بوندا باندی کے بعد بجلی کی آنکھ مچولی نے شہریوں کو پریشان کررکھا ہے۔ فیصل آباد میں بھی موسم ابر آلود ہے جبکہ سرگودھا، بہاولپور، بہاولنگر اور اوچ شریف میں ہلکی بارش نے سردی میں اضافہ کردیا ہے تاہم گیس کے کم پریشر کی وجہ سے صارفین ہیٹر کی سہولت سے مستفید نہیں ہوسکتے۔ پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ دوسری جانب بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد درجہ حرارت نقطہ انجماد پر پہنچ گیا ہے جبکہ زیارت میں برفباری کی وجہ سے راستے بند ہوگئے ہیں جنہیں کھولنے کے لیے بھاری مشینری استعمال کی جارہی ہے۔ مری اورگلگت میں آج مزید برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ وادی کوئٹہ اورگرد نواع میں بارش اورپہاڑوں پربرف باری سے موسم مزید سرد ہوگیا، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ بارہ گھنٹوں کے دوران کوئٹہ،قلات،ژوب،سبی مکران اور نصیر آباد ڈویژن میں موسم ابرآلود رہنے کے ساتھ ساتھ مزیدبارش کا بھی امکان ہے۔ دوسری جانب شمالی وزیرستان کے علاقوں میران شاہ، رزمک، شوال اور لواڑہ منڈی کے پہاڑوں پر برفباری اوربارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن