اسلام آباد (سٹاف رپورٹر + اے این این) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے امریکی وزیر دفاع چک ہیگل نے امداد روکنے کی دھمکی نہیں دی۔ پاکستان امریکہ تعلقات درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف کا دورہ بھارت دونوں ملکوں کے درمیان تواتر سے رابطوں کے سلسلہ کی کڑی ہے۔ امید کی جاتی ہے دونوں ملکوں کے درمیان باضابطہ مذاکرات کا سلسلہ جلد شروع ہو سکے گا۔ ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران امریکہ کی طرف سے حقانی نیٹ ورک کے بارے میں تشویش کے اظہار کے حوالہ سے سوال کے جواب میں کہا پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات فروغ پا رہے ہیں۔ وزیراعظم کے دورہ امریکہ نے ان تعلقات کی ٹھوس بنیاد رکھی۔ بعض امور پر پاکستان امریکہ اتفاق رائے پایا جاتا ہے اور ڈرون حملوں سمیت کئی معاملات پر اختلاف رائے بھی ہے۔ چک ہیگل کے دورہ کے موقع پر دونوں قسم کے معاملات پر بات چیت ہوئی۔ انہوں نے کہا ملا برادر کسی سے بھی ملنے کیلئے مکمل آزاد ہیں اور افغانستان میں قومی مفاہمت کیلئے پاکستان تمام تر تعاون فراہم کرے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا بنگلہ دیش ہمارا برادر ملک ہے اور اس کے داخلی امور میں ہم دخل نہیں دیتے البتہ جماعت اسلامی کے رہنما کو جس انداز میں پھانسی کی سزا سنائی گئی ہے انسانی حقوق کی تنظیموں نے اس پر تشویش اور تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ اے این این کے مطابق انہوں نے کہا امریکہ کے ساتھ تعلقات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں، ڈرون حملوں پر اختلاف واضح ہے۔ نیٹو سپلائی جنوبی روٹ سے بدستور جاری ہے، شمالی روٹ سے بحالی کیلئے بات چیت کا پرامن طریقہ استعمال کیا جانا چاہئے۔ امید ہے بھارت وزیراعظم نواز شریف کی حالیہ تجویز کا مثبت جواب دے گا۔ اس سوال پر کہ امریکی وزیر دفاع نے حقانی نیٹ ورک پر تحفظات کا اظہارکیا ہے ترجمان نے کہا اس بارے میں آپ وزارت داخلہ سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ ملا برادر کی بیماری کے سوال پر انہوں نے کہا ہمیں اس کی اطلاع نہیں ہے۔ انہوں نے کہا ڈرون حملے ہماری سلامتی اور خودمختاری کی خلاف ورزی ہیں اور ان سے نقصانات ہو رہے ہیں، ڈرون حملے فوری ختم ہونے چاہئے۔ نیٹو سپلائی کی بندش کے سوال پر انہوں نے کہا مجھے اس بات کا علم نہیں کہ وفاقی حکومت کا کسی سیاسی جماعت یا صوبائی حکومت سے کوئی رابطہ ہو رہا ہے۔ بنگلہ دیش میں قادر ملا کو سزا کے سوال پر انہوں نے کہا بنگلہ دیش ہمارا برادر دوست ملک ہے ہم کسی کے داخلی معاملات میں مداخلت نہیں کرتے تاہم بعض عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں نے ان کے مقدمے کے طریقہ کار پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
دفتر خارجہ
بنگلہ دیش برادر ملک ہے ہم اسکے داخلی امور میں دخل نہیں دیتے : دفتر خارجہ
بنگلہ دیش برادر ملک ہے ہم اسکے داخلی امور میں دخل نہیں دیتے : دفتر خارجہ
Dec 13, 2013