مشرف نے آئین معطل کر کے ایمرجنسی نافذ کی، غداری ایکٹ 1973 کے تحت کارروائی کی استدعا

اسلام آباد(ثناء نیوز+ آن لائن)حکومت نے سابق صدر، جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کیلئے خصوصی عدالت سے رجوع کرلیا۔ پرویز مشرف غداری کیس میں آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کیلئے یہ درخواست وفاقی سیکرٹری داخلہ شاہد خان نے جمع کرائی ہے۔ حکومت نے سنگین غداری کے ایکٹ 1973 کے تحت کارروائی کی استدعا کی ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ سابق صدر جنرل  مشرف نے آئین معطل کر کے ایمرجنسی نافذ کی۔انہوں نے کہا  غیر آئینی اقدام پر  ان کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی جائے۔ جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں قائم خصوصی عدالت اس درخواست پر کارروائی کرے گی۔ درخواست  میں مزید کہا گیا ہے کہ مشرف نے آئین توڑ کر اقتدار پر قبضہ  کیا۔  امید ہے کیس کی جلد سماعت کی جائے گی، درخواست  خصوصی عدالت کے رجسٹرار عبدالغنی سومرو کے پاس جمع کرائی گئی۔ واضح رہے کہ حکومت نے سابق صدر پرویز مشرف پر آرٹیکل 6 کے تحت غداری کا مقدمہ چلانے کے لئے 3 رکنی خصوصی عدالت قائم کی تھی جس کے سربراہ جسٹس فیصل عرب جب کہ دیگر ججز میں جسٹس یاور علی اور جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر شامل ہیںجبکہ مقدمے میں ایڈووکیٹ اکرم شیخ کو پراسیکیوٹر مقرر کیا گیا ہے جو حکومت کی جانب سے ثبوت اور دیگر مطلوبہ ریکارڈ خصوصی عدالت میں پیش کریں گے ۔درخواست کے ساتھ سابق آمر کے خلاف وفاقی حکومت کی جانب سے مرتب کی گئی چارج شیٹ بھی پیش کی گئی ہے جس میں سابق صدر کے 3 نومبر 2007ء کے اقدامات کو آئین کی سنگین خلاف ورزی اور غداری قرار دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق چارج شیٹ میں اکتوبر 1999ء میں آئین کو معطل کر کے ملک میں مارشل لاء کے نفاذ کو بھی آئین کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق درخواست کے ساتھ پیش کی گئی چارج شیٹ میں مشرف کے خلاف 1973ء کے آرٹیکل 6کی شق دوکی پانچ سب شقوں کی خلاف ورزی کا الزام لگایا گیا ہے اور 3نومبر 2007ء میں عدالت عظمی سیمت اعلی عدلیہ کے ججز کو معزول کر کے ملک میں ایمرجنسی کے نفاذ کو آئین کے متصادم اقدام قرار دیا گیا ہے۔ چارج شیٹ میں سابق آمر کی جانب سے نومبر 2007ء میں پی سی او کے تحت ججز سے دوبارہ حلف لینے کے اقدام کو بھی غیر آئینی قرار دیا گیا ہے۔چارج شیٹ میں تمام اقدامات کا واحد ذمہ دار سابق مشرف کو ٹھہراتے ہوئے ان کے خلاف غداری کا مقدمہ چلانے کی استدعا کی گئی ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن