لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کو لڑائی جھگڑے ختم کر کے ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ دونوں ممالک کے عوام کا مستقبل امن سے وابستہ ہے۔ پاکستان اور بھارت دونوں میں سے کوئی ملک تصادم کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ میں اپنے شاندار خیرمقدم پر بھارتی قیادت کا دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہوں۔ وہ دہلی میں بھارتی وزیر اعظم منمون سنگھ سے سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگوکر رہے تھے۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستام مسلم لیگ (ن) کی حکومت خطے میں پائیدار اور مستقل امن کی خواہاں ہے اور بھارت کے ساتھ تمام مسائل افہام و تفہیم کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں۔ آرام دہ زندگی‘ علاج کی بہتر سہولتں اور عوام کے لئے اچھی تعلیم‘ دونوں ملکوں میں بسنے والے عام آدمی کا خواب ہے۔ چنانچہ دونوں ملکوں کی حکومتوں کا فرض ہے کہ وہ اس خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔ ترقی و خوشحالی کا یہ خواب وسائل کا رخ عام آدمی کی طرف موڑے بغیر پورا نہیں کیا جا سکتا۔ پیشتر ازیں شہبازشریف نے بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے بھارتی وزیراعظم کو وزیراعظم پاکستان نواز شریف کا خیرسگالی کا پیغام بھی پہنچایا۔ پیغام میں کہا گیا تھا کہ بھارتی حکومت پاکستانی حکومت اور عوام کو دوستی کے سفر میں ہر مرحلے پر ساتھ پائے گی۔ ملاقات میں انرجی‘ تجارت‘ صحت اور ٹرانسپورٹ سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون پر بھی تبادلہ خیالات کیا گیا۔ وفاقی وزیرتجارت انجینئر خرم دستگیر‘ وزیراعظم کے سپیشل اسسٹنٹ برائے امور خارجہ طارق فاطمی‘ پاکستان کے ہائی کمشنر سلمان بشیر اور صوبائی وزیرتعلیم رانا مشہود احمد خان بھی ملاقات میں وجود تھے۔ بعدازاں شہبازشریف نے دہلی میٹرو ٹرین کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے پٹیل چوک سے راجیو چوک تک انڈرگرائونڈ ٹرین میں سفر کیا۔ میٹرو حکام نے وزیراعلیٰ کو دہلی میٹروسسٹم پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر محمد شہبازشریف نے شرکاء کو لاہور میٹروبس سروس کے اجراء سے آگاہ کیا۔ شرکاء نے اس رائے کا اظہار کیا کہ 11 ماہ کی قلیل مدت میں لاہور میٹروبس سروس کی تکمیل یقینا انجینئرنگ کا کمال ہے۔ شہبازشریف نے جامع مسجد دہلی کا بھی دورہ کیا‘ جہاں جامع مسجد کے امام احمد شاہ بخاری نے وزیراعلیٰ کا خیرمقدم کیا۔ وزیراعلی کی آمد کی خبر سن کر ہزاروں کی تعداد میں لوگ مسجد میں اکٹھے ہو گئے۔ وزیراعلی نے نماز مغرب جامع مسجد میں ادا کی۔ نماز ادا کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ جامع مسجد دہلی میں حاضر ہونا میرے لئے سعادت ہے۔ یہ وہ مقام ہے جہاں سے کئی سیاسی اور دینی تحریکیں پروان چڑھیں۔ مجھے آج بھی مسجد کے درودیوار آزادی سے پہلے کے مسلمانوں کے عظیم قائدین کی آوازوں سے گونجتے محسوس ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں بسنے والے مسلمان ایک ہی طرح کے مسائل سے دوچار ہیں۔ لیکن انہیں پوری محنت اور صلاحیتوں کے ساتھ اس صورتحال سے نکلنے کے لئے کوششیں کرنی چاہئیں۔ اگر ہم قرآن حکیم میں اللہ تعالی کے بتائے ہوئے دیانت‘ صداقت اور خلوص نیت کے اصول اپنا لیں تو کوئی وجہ نہیں کہ ہم اس صورتحال سے نہ نکل سکیں۔ اس موقع پر جامع مسجد دہلی کے امام احمد شاہ بخاری نے وزیراعلیٰ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان اور پاکستان کے مسلمانوں کی خوشحالی کے لئے دعا گو ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر خطے میں امن اور دونوں ملکوں کی سلامتی اور عوام کی خوشحالی کے لئے دعا بھی کرائی۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق نئی دہلی میں ایک غیرملکی خبر رساں ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت کشمیر، سرکریک، سیاچن اور پانی جیسے مسائل حل کر کے بھارت اور پاکستان کو دشمنی کا سلسلہ ختم کرنا ہو گا۔ بھارت اور پاکستان کو ترقی کیلئے ایک دوسرے کا ساتھ دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کیلئے دونوں ملکوں کو اہم ترین مسائل کو حل کرنا ہو گا۔ سرکریک، کشمیر، سیاچن اور پانی جیسے مسائل کا حل انتہائی ضروری ہے۔ نواز شریف پاکستان اور بھارت میں امن، تجارت اور روزگار بڑھانا چاہتے ہیں۔
منمون سنگھ سے سے ملاقات ۔ بھارت کشمیر، سرکریک، سیاچن اور پانی جیسے مسائل حل کر ے ۔ شہبازشریف
Dec 13, 2013