لاہور (خبرنگار) تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن، چیئرمین نظریہ پاکستان ٹرسٹ اور ایڈیٹر انچیف نوائے وقت گروپ ڈاکٹر مجید نظامی، چیئرمین تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کرنل (ر) جمشید احمد ترین، سابق صدر مملکت محمد رفیق تارڑ، سابق چیف جسٹس وفاقی شرعی عدالت میاں محبوب احمد، نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے چیف کوآرڈینیٹر میاں فاروق الطاف، جسٹس (ر) منیر احمد مغل، سابق رکن اسمبلی بیگم مہ ناز رفیع، سجادہ نشین چورہ شریف پیر سید محمد کبیر علی شاہ، سجادہ نشین شرقپور شریف پیر ولید احمد شرقپوری اور نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید نے کہا ہے جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے رہنما عبدالقادر ملا کو بنگلہ دیش حکومت نے تمام بین الاقوامی ضابطوں اور قوانین کو نظرانداز کرکے پھانسی دی ہے جس کی واحد وجہ ان کا پاکستان کا حامی ہونا تھا۔ انہوں نے کہا آج بھی بنگلہ دیش میں غیر جانبدارانہ ریفرنڈم کرایا جائے تو وہاں کے عوام کی واضح اکثریت پاکستان کے حق میں ووٹ دے گی۔ بنگلہ دیش میں آج دوبارہ دو قومی نظرئیے کا احیاء ہو رہا ہے اور وہ ہندوؤں کی مسلمان دشمنی سے بخوبی آگاہ ہیں۔ حسینہ واجد بھارت نواز وزیراعظم ہیں اور وہ اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہیں۔ حسینہ واجد اپنے والد شیخ مجیب الرحمن کا انجام بھول گئی ہیں۔ بنگلہ دیش کے بابائے قوم ہونے کے دعویدار شیخ مجیب الرحمن کو اس کی اپنی فوج نے موت کے گھاٹ اتار دیا اور شیخ مجیب الرحمن کی نعش دو دن تک بے یارو مددگار پڑی رہی تھی۔ حسینہ واجد اپنے والد کے انجام سے سبق حاصل کریں اور ایسے غیرقانونی، غیراخلاقی اور غیر انسانی اقدام سے باز رہیں۔ عبدالقادر ملا ملت اسلامیہ کا ایک سپوت تھا جیسے سراج الدولہ، تیتومیر شہید، حاجی شریعت اللہ، فضل القادر چودھری، مولوی فرید احمد کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جاتا ہے اسی طرح ملا عبدالقادر کو بھی ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
’’حسینہ واجد اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی، عبدالقادر کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا‘‘
Dec 13, 2013