لاہور (خصوصی رپورٹر) سابق نائب وزیراعظم اور (ق) لیگ کے مرکزی سینئر رہنما چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت نے بلدیاتی انتخابات کیلئے جو قانون سازی کی ہے اس کے ذریعے ”شفاف دھاندلی“ کا بندوبست کر لیا گیا ہے لیکن ڈی سی اوز، تحصیلداروں اور پٹواریوں کے ذریعے ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے نتائج کوئی تسلیم نہیں کرے گا اور ملک میں ایک نیا بحران پیدا ہو جائے گا۔ وہ گزشتہ روز مسلم لیگ ہاﺅس میں راجہ بشارت، چودھری ظہیر الدین، سیمل کامران، چودھری ناصر محمود گل، آمنہ الفت، سردار آصف نکئی، سردار وقاص موکل کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر شیخ عمر حیات، بیگم افضل وٹو، تمکین آفتاب اور سجاد بلوچ بھی موجود تھے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ جماعتی انتخابات کروانے کیلئے مسلم لیگ (ق) نے پی ٹی آئی، جماعت اسلامی کی طرح ہائی کورٹ میں رٹ کی تھی اور اب بھی مسلم لیگ (ق) سول انتظامیہ کے تحت ہونے والے انتخابات اور نئی حلقہ بندیوں کو ہائی کورٹ میں چیلنج کریگی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) سائیکل کے نشان پر بلدیاتی الیکشن لڑے گی اور مقامی سطح پر مسلم لیگ (ن) کے علاوہ تمام جماعتوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کریگی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہونیوالے بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی حکومت کرے گی اور بدنام الیکشن کمشن ہو گا۔ چیف الیکشن کمشنر اس کا نوٹس لیں۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ ہمارے دور میں بلدیاتی اداروں کے سربراہ ڈی سی او اور ڈی پی او کی بھی اے سی آر لکھتے تھے لیکن اب تحصیلدار بھی چیئرمین اور وائس چیئرمین کی اے سی آر لکھیں گے۔
پرویوز الٰہی