شاہ محمود ایسا جھوٹ بولیں جس پر لوگ یقین بھی کرلیں: پرویز رشید

Dec 13, 2014

اسلام آباد (آن لائن+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ عمران خان اور ان کی ٹیم کو سچ بولنے کی توفیق دے، وزیراعظم نے جوڈیشل کمشن کی درخواست کردی کمشن بنانا سپریم کورٹ کا کام ہے ۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان سارے ناکام تجربوں کے بعد ہماری بات مان لیتے تو 13 اور 14 اگست کو بات ختم ہوجاتی عمران خان دھرنے اور شہروں کو بند کرنے کے بعد بھی مذاکرات پر آئے اگر پہلے آتے تو پاکستان اور ملکی معیشت کا نقصان نہ ہوتا انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سپریم کورٹ کے کمشن بنانے کی درخواست کر سکتے ہیں سپریم کورٹ ایک آزاد اور خود مختار ادارہ ہے فیصلہ سپریم کورٹ نے کرنا ہے جوڈیشل کمشن کب بنے گا انہوں نے کہا کہ عمران خان نے افتخار چودھری اور دیگر ججوں پر بھی الزامات لگائے شاید ججز الزامات سے خوف زدہ ہیں اس لئے کمشن کے بننے میں تاخیر ہورہی ہے انہوں نے کہا کہ انتخابی قوانین میں اصلاحات کے لئے کمیٹی 14 اگست سے پہلے بن گئی تھی عمران خان آئین میں ترمیم کے لئے پارلیمنٹ میں آئیں اور قوانین میں ترامیم کیلئے عمران خان کا پارلیمنٹ میں آنا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن دبائو ڈالے بغیر بھی بن سکتا ہے اور کمیشن کے لئے خط اگست 2014ء میں لکھا جا چکا ہے۔ فیصل آباد میں تحریک انصاف کے کارکنوں کا رویہ ایسا تھا کہ کارکن آمنے سامنے آگئے کراچی میں خان صاحب کے کارکن ڈنڈوں کے بغیر تھے اس لئے پرامن رہا لاہور میں بھی اگر ایسا رویہ رہا تو پرامن ہوگا۔ انہوں نے شاہ محمود کے اس بیان پر کہ احتجاج کی کوریج روکنے کیلئے ملک بھر میں بجلی بند کی گئی پر کہا کہ شاہ محمود ایسا جھوٹ بولیں جس پر لوگ یقین بھی کر لیں۔

مزیدخبریں