کراچی (وقائع نگار + نوائے وقت رپورٹ) شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمشن بنتے ہی احتجاج ختم کردینگے، دھرنا ختم بھی ہوسکتا ہے۔ مذاکرات اپنی جگہ لیکن 15 دسمبر کو لاہور میں پُرامن احتجاج کرینگے۔ لاہور کے تاجر اور دیگر طبقات ہماری درخواست پر غور کریں اور اُمید ہے ماضی کی طرح اس بار بھی لاہور مایوس نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا جوڈیشل کمشن کے ٹرم آف ریفرنس پر پیش رفت ہو چکی ہے اور تمام کام ہورہا ہے، حکومت تعاون کرے تو جوڈیشل کمشن جلد بن سکتا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ عمران خان کی تقریر اور کراچی میں دھرنوں کی کوریج روکنے کے لئے پنجاب کی بجلی بند کر دی گئی تھی جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔ عمران خان کے کراچی میں احتجاج سے خطاب کے فوری بعد بجلی بحال ہو گئی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کراچی کے شہریوں نے شاندار استقبال کیا۔ انہوں نے کہا کراچی کے احتجاج اور دھرنوں میں کوئی گلو بٹ دکھائی نہیں دیا۔