اسلام آباد + لاہور (نوائے وقت رپورٹ/ خصوصی رپورٹر) ترجمان پی ٹی آئی شیریں مزاری نے کہا ہے کہ حکومت سے باضابطہ مذاکرات منگل سے شروع ہوں گے۔ مذاکرات کا اگلا دور اتوار کو اسلام آباد میں ہو گا۔ دریں اثناء اسد عمر نے کہا ہے کہ مذاکرات کے اگلے راؤنڈ میں وہ تحریک انصاف کی طرف سے بات کریں گے جبکہ شاہ محمود قریشی مصروفیت کے باعث مذاکرات میں شامل نہیں ہوں گے۔ مذاکرات کے اس دور میں دونوں طرف سے لیگل ٹیمیں بھی شریک ہونگی۔ قبل ازیں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے وزیر اعظم نواز شریف کے استعفیٰ کا مطالبہ واپس لے لیا۔ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں آنے والا ڈیڈ لاک ختم ہو گیا۔ اسد عمر سے بات چیت مثبت رہی، مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ امید ہے نتیجے پر پہنچنے میں جلد کامیاب ہو جائیں گے۔ بات چیت میں اسحق ڈار اور شاہ محمود بھی شریک ہوں گے۔ قبل ازیں شاہ محمود اور اسحٰق ڈار نے مذاکرات آج شروع ہونے کی تصدیق کی تھی۔ ان رہنماؤں نے کہا کہ دونوں اطراف نیک نیتی محسوس ہوتی ہے جبکہ قوم کی نظریں بھی مذاکرات کی طرف لگی ہوئی ہیں۔ ہم قوم کو مایوس نہیں کریں گے اور نتیجہ خیز مذاکرات کریں گے۔ آن لائن کے مطابق حکومتی ٹیم نے مذاکرات کے لئے ہوم ورک مکمل کر لیا۔ پی ٹی آئی کی مذاکراتی ٹیم سے احتجاج ختم کرنے کی درخواست کی جائے گی۔ مسودہ بھی حوالے کیا جائے گا۔ احسن اقبال نے کہا ہے کہ مذاکرات کا ماحول سازگار بنانے کیلئے کنٹینر سے سیاسی درجہ حرارت میں کمی کرنا پڑے گی۔ مذاکرات کا ماحول سازگار بنانے کیلئے کنٹینر سے سیاسی درجہ حرارت میں کمی کی جائے۔