نیو یارک (آن لائن) امریکی خفیہ ایجنسی کے سربراہ جان برینن نے کہا ہے کہ نائن الیون کے بعد القاعدہ کو دوبارہ ایسے حملے کرنے سے سی آئی اے نے روکا۔ جارج بش نے نائن الیون کے 6 روز بعد تفتیشی طریقہ کار میں تشدد کی منظوری دی۔ امریکی سینیٹ کی انٹیلیجنس کمیٹی کی رپورٹ پر پہلی بار رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے جان برینن نے کہا کہ رپورٹ کی تیاری میں سی آئی اے کے کسی اہلکار کا انٹرویو نہیں کیا گیا۔ سی آئی اے اہلکار اپنی جان داؤ پر لگا کر نائن الیون کے بعد افغانستان میں سب سے پہلے داخل ہوئے۔ انھوں نے کہا کہ نائن الیون کے بعد القاعدہ نے بار بار حملوں کی منصوبہ بندی کی لیکن انھیں ناکام بنایا گیا۔ جان برینن نے تسلیم کیا کہ بعض حالات میں ہم میعار پر پورا نہیں اتر سکے تاہم کچھ سی آئی اے آفیسرز نے ایسے طریقے اختیار کیے جن کی اجازت نہیں تھی۔