کراچی(این این آئی)سابق وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری کو پیٹ میں مروڑ کی وجہ میں اور ڈاکٹر عاصم ہیں۔کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ذوالفقار مرزا کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت ڈاکٹر عاصم کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے، صوبائی حکومت سابق مشیر پٹرولیم کے خلاف کوئی بھی کارروائی نہیں کرنا چاہتی۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی بیماری کی کچھ وجوہات ہیں۔ذوالفقار مرزا کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت رینجرز کے اختیارات میں توسیع کا فیصلہ نہ کر کے امن وامان کی صورت حال کو خراب کرناچاہتی ہے تاہم صوبائی حکومت رینجرز کے اختیارات میں توسیع کر دے گی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ذوالفقار مرزا نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ میں بھی ڈاکٹر عاصم سے متعلق کیس میں کچھ شواہد عدالت میں پیش کرنا چاہتا ہوں۔سابق صوبائی وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا اور ان کے 100 سے زائد ساتھیوں کے خلاف مقدمات کی سماعت جج کی رخصت کے باعث نہ ہو سکی۔ 4 مقدمات کی سماعت 9 جنوری تک ملتوی کر دی گئی۔ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا عدالت میں پیش ہوئے۔ ذوالفقار مرزا پر فرد جرم عائد کی جانی تھی ذوالفقار مرزا پر بدین میں تھانے پر حملہ کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ان کے خلاف کراچی کے درخشاں تھانے میں بھی مقدمہ درج کیا گیا تھا۔