کور کمانڈر لاہور کی ملاقات، شہدائے آرمی سکول کے خون کا قرض دہشت گردوں کا صفایا کر کے اتاریں گے: شہباز شریف

لاہور (خبرنگار) وزیراعلیٰ شہبازشریف اور کورکمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی کی ملاقات میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت پنجاب میں انسداد دہشت گردی کیلئے اقدامات پر بات چیت کی گئی اور دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے مکمل خاتمے کے بھرپور عزم کا اعادہ کیا گیا۔ شہباز شریف اور کور کمانڈر لاہور نے آرمی پبلک سکول پشاور کے شہید بچوں کی عظیم قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہید بچوں نے عظیم مقصد کیلئے اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔ 18 کروڑ عوام بچوں کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے اور شہید بچوں کی لازوال قربانیوں کے طفیل آج پوری قوم دہشت گردی کیخلاف جنگ میں متحد ہے۔ شہید بچوں کا خون ہم سب پر قرض ہے اور یہ قرض پاک دھرتی سے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کرکے اتاریں گے۔ پنجاب حکومت آرمی پبلک سکول پشاور کے شہید بچوں اور اساتذہ کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ’’ہفتہ شہدا‘‘ منا رہی ہے اور پوری قوم 16 دسمبر کے شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے پاک افواج کے افسروں و جوانوں اور پولیس حکام و اہلکاروں کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء نے ملک میں امن کے قیام کیلئے بہادری اور جرأت کی عظیم داستانیں رقم کی ہیں اور پوری قوم کو شہداء کی لازوال قربانیوں پر فخر ہے۔ آپریشن ضرب عضب کے ذریعے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے۔ وزیراعلیٰ سے سندھ کے سینئر سیاسی رہنما ممتاز بھٹو نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔ ممتاز بھٹو نے بلدیاتی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کی شاندار کامیابی پر شہبازشریف کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر شہبازشریف نے کہا ملک کو آگے لے جانے کیلئے ’’میں‘‘ کی روش چھوڑ کر ’’ہم‘‘ کا راستہ اپنانا ہے۔ علاوہ ازیں شہبازشریف نے اجلاس میں شجرکاری اور ہارٹیکلچر کے فروغ کے حوالے سے اقدامات پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ لاہور میں تین مختلف مقامات پر فاریسٹ پارکس بنانے کی منظوری دی گئی۔ شہبازشریف نے کہا کہ پنجاب میں ہارٹیکلچر اور شجر کاری کے فروغ کیلئے ٹھوس حکمت عملی اپنائی ہے۔ ترقیاتی منصوبوں کو ہارٹیکلچر کے ذریعے دیدہ زیب اور خوبصورت بنایا جا رہا ہے جس سے شہروں کی خوبصورتی اور دلکشی میں اضافہ ہوگا۔ پارکوں کی بحالی اور ان میں تفریحی سہولیات کو بہتر بنانے کا کام تیز رفتاری سے کیا جائے۔ وزیراعلی نے سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کمیٹی خودمختار ہوگی جو ہارٹیکلچر اور شجر کاری کے فروغ کیلئے اقدامات کریگی۔ پنجاب حکومت ریلوے ایریاز میں بھی پارکس ڈویلپ کریگی جبکہ اسکی دیکھ بھال کی ذمہ داری ریلوے حکام کی ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر زکٰوۃ و عشر ملک ندیم کامران کے سسر ملک عبدالرؤف کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...