سیالکوٹ: قتل کے 2 مجرموں کو پھانسی دیدی گئی، میانوالی میں ایک کو پرسوں ہو گی

Dec 13, 2015

سیالکوٹ+ میانوالی (نامہ نگاران) سیالکوٹ میں قتل کے 2 مجرموں کو پھانسی دیدی گئی، میانوالی میں ایک کو پرسوں 15دسمبر کو دی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر کے علاقہ میں 10اگست 1996ء کو مجرموں ظفر اقبال اور خالد محمود نے بھتہ نہ دینے پر فائرنگ کرکے دو افراد کو قتل کیا تھا جس پر انسداد دہشت گردی کی عدالت گوجرانوالہ نے موت کی سز اسنائی تھی۔ ڈسٹرکٹ جیل میں دونوں مجرموںکو پھانسی دیدی گئی ہے اور ضروری کارروائی کے بعد مجرموں کی نعشیں ان کے ورثاء کے حوالے کردی گئی ہیں۔ جیل حکام کے مطابق دونوں مجرموں کی سزائوں کے خلاف اپیلیں مسترد ہوئیں اور صدر مملکت نے ان کی رحم کی اپیل بھی خارج کردی تھی جس کے بعد انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ان کے بلیک وارنٹ جاری کئے تھے۔ علاوہ ازیں میانوالی میں سزائے موت کے قیدی گل جہاں ولد محمد خان کو سنٹرل جیل میانوالی میں 15 دسمبر کو سا ڑھے چھ بجے صبح پھا نسی دی جائے گی۔ بھکر کے گل جہاں خان نے 20 جنو ری 2002ء میں سمیع اللہ کو فائر کر کے قتل کر دیا تھا۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج بھکر نے سزائے موت کی تا ریخ مقرر کر تے ہو ئے بلیک وارنٹ جاری کر دیئے ہیں۔

مزیدخبریں