لاہور، اسلام آباد(نامہ نگاران + نمائندہ نوائے وقت + نیوز ایجنسیاں+ خصوصی رپورٹر) پنجاب سمیت ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ گزشتہ شب جاری رہا، شاہکوٹ میں مکان کی چھت گرنے سے 4 بھائی جاں بحق ماں اور بہن شدید زخمی ہو گئیں۔ بالائی علاقوں میں برفباری جبکہ کئی علاقوں میں گیس پریشر میں کمی کا سامنا، سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہو گیا۔ شاہ کوٹ میں بارش کے باعث چھت گرنے سے جاں بحق ہونے والے چاروں بھائیوں کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ پر ہر آنکھ اشکبار تھی تفصیلات کے مطابق نواحی گاؤں بھوڑو میںمرکزی جامع مسجد کھجور والی کے مؤذن، معروف نعت خواں نثار احمد نقشبندی کے مکان کی گزشتہ شب بارش کے باعث چھت گرنے کے نتیجے میں چار بھائی 4 سالہ شرجیل، 10 سالہ نور المصطفی، 12سالہ ولید رضا اور 17 سالہ اویس رضا جاں بحق ہوگئے جبکہ بچوں کی ماں اور بہن شدید زخمی ہوگیئں جنہیں ریسکیو ٹیم نے تحصیل ہیڈ کوارٹر شاہکوٹ داخل کروا دیا۔ وقوعہ کی اطلاع ملنے پر اہل دیہہ اور رشتہ دار مرد وخواتین موقع پر جمع ہو گیئں اس دوران رشتہ دار خواتین پر غشی کے دورے پڑتے رہے۔ ادھر ہسپتال میں زیر علاج نیم بیہوش ماں اور بہن دھاڑیں مار مار کر روتی رہیں واضح رہے کہ رات ایک بجے بارش کے باعث گارڈرز سمیت چھت بیٹھ گئی۔ چاروں بھائیوں کو بھوڑو قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔ نماز جنازہ عالم دین پیر محمد نور المصطفی رضوی نے پڑھائی۔ چاروں جنازے ایک ساتھ اٹھنے پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے شاہ کوٹ اور نواحی دیہات سے ہزاروں افراد نے شرکت کی، بدقسمت باپ پر سکتہ طاری تھا۔ جنازہ میں موجود ہر فرد کی آنکھ اشکبار تھی۔ حادثہ کی اطلاع ملنے پر اسسٹنٹ کمشنر سید صابر حسین شاہ، قانونگو حاجی محمد جمیل ملک اور تھانہ صدر کے انچارج نواز ملک پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ جاں بحق ہونے والا اویس نویں جماعت اور دیگر بچے بھی مقامی سکول میں زیرتعلیم تھے۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ شہبازشریف نے چھت گرنے سے چار حقیقی بھائیوں کے جاں بحق ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے جاں بحق ہونیوالوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔علاوہ ازیں بوریوالا اڈا شیخ فاضل کے قریب قاتل ڈی وائیڈر کے باعث بس الٹ گئی چھ مسافر زخمی ہو گئے۔ تفصیل کے مطابق نجی کمپنی کی مسافر بس فیصل آباد سے مسافروں کی کثیر تعداد کو منزل مقصود پر پہنچانے کے لئے چشتیاں جا رہی تھی کہ اڈا شیخ فاضل کے قریب شدید دھند سے سڑک کو دو رویہ بنانے کے لئے بنے ڈی وائیڈر پر چڑھ گئی جس کے نتیجہ میںبس الٹ گئی اور چھ مسافر شدید زخمی ہو گئے۔ اس ڈی وائیڈر کے باضابطہ نہ بنے ہونے کی وجہ سے اور ریفیکٹر نہ لگے ہونے کی وجہ سے آئے روز یہاں حادثات ہوتے رہتے ہیں۔ ادھر صباح نیوز کے مطابق مری اور گردونواح میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے، کراچی میں آج(بدھ) سے سائبیریا کی سرد ہوائیں چلنے ہفتے تک سردی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے۔ دوسری طرف آزاد کشمیرمیں وادی نیلم، نکیال اور قریبی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری جاری ہے دیامر میں نانگاپربت، بٹوگا اور بابوسر ٹاپ پر بھی برف پڑی، چلاس میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کی خیبر پی کے، فاٹا اور پنجاب کے بالائی علاقوں، کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کی گئی۔آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں برفباری کے باعث بالائی علاقے شاردہ کیل تاوبٹ کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا ڈویژن میں بھی مزید برسات کی پیش گوئی کی گئی ہے ملتان، گوجرہ، کمالیہ، چنیوٹ، چیچہ وطنی، پاکپتن، بورے والا اورصادق آباد میں دھند نے دوبارہ ڈیرے ڈال لئے، قومی شاہراہ پر مختلف مقامات پر دھند کے باعث حد نگاہ متاثر ہے۔ ترجمان موٹر وے کے مطابق دھند کے باعث چیچہ وطنی اورملتان سے صادق آباد تک حدنگاہ صفرسے30میٹر رہ گئی۔ این این آئی کے مطابق آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان ٗ اسلام آباد ٗراولپنڈی ٗسرگودھا ٗمیانوالی، گوجرانوالہ ٗپنڈی بھٹیاں ٗلاہوراورمضافات میں موسم سرما کی پہلی بارش نے سردی میں اضافہ۔ سردی کی شدت کے باعث گرم ملبوسات، خشک میوہ جات اورگرما گرم پکوانوں کا استعمال بڑھ گیا۔ ادھر اسلام آباد ٗ جڑواں شہر راولپنڈی اور پنجاب کے متعدد شہروں میں عوام کو گیس کے شدید بحران کا سامنا رہا جس کے باعث ہوٹلوں پر رش بڑھ گیا ٗ بلوچستان کے علاقے زیارت میں درجہ حرارت منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور گیس پریشر میں کمی سے مکینوں کو مشکلات کا سامنا کرنا۔حاصل پور کے مقامی افراد محمد اصغر ندیم سعیدی، محمد ذیشان خلجی، محمد صفدر فریدی، ملک محمد سرور، ملک محمد عاشق، ملک محمد امین دھیہ و دیگر نے بتایا کہ سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی گھروں میں گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا آغاز ہو چکا ہے۔ رات 8 بجے کے بعد گیس بند کر دیا جاتا ہے صبح 7 بجے گیس کا پریشر انتہائی کم ہونے سے خواتین کو پریشانی کا سامنا ہے۔ پریشر کم ہونے سے لوگ لکڑیاں جلانے پر مجبور ہیں۔ حجرہ شاہ مقیم ، شیخوپورہ اور شہر میں عوام کو گیس پریشر میں کمی کا سامنا ہے۔ بچے اور بڑے بغیر ناشتے کے دفاتر اور سکول جانے پر مجبور ہیں۔ تاہم کچھ لوگوں نے گیس پریشر پورا کرنے کے لئے غیر قانونی طریقے سے کمپریسر لگا رکھے ہیں جو عام صارف تک پہنچنے والا پریشر بھی اپنی طرف کھینچ لیتے ہیں عوام نے اعلی حکام سے اس صورتحال پر فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔محکمہ موسمیات نے پیشن گوئی کی ہے کہ وسطی پنجاب کے بالائی علاقوں اور پہاڑوں پر وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ مزید دو روز تک جاری رہیگا جبکہ پہاڑوں پر برف باری بھی جاری رہے گی جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ کوئٹہ اور اندرون بلوچستان برف باری کے باعث منگل کے روز بھی شدید سردی کی لپیٹ میں رہے۔ ایبٹ آباد میں برف باری کے باعث 16 دسمبر تک سکولوں میں تعطیلات کا اعلان کردیا گیا ہے۔