فاٹا اصلاحات پر حکومت کا غیر سنجیدہ رویہ عوام کی بے عزتی‘ جلد قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے: عمران خان

Dec 13, 2017

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ فاٹا اصلاحات پر حکومت کا غیرسنجیدہ رویہ فاٹا کے عوام کی بے عزتی ہے، فاٹا کے عوام نے بہت زیادہ قربانیاں دیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا حکومت کا فاٹا اصلاحات پر غیرسنجیدہ رویہ سب سے زیادہ قربانیاں دینے والے فٹا کے ان لوگوں کی توہین ہے جنہیں آج بھی اپنے جمہوری حق سے محروم رکھا گیا ہے۔ فاٹا اصلاحات پیکیج کے مکمل نفاذ میں تاخیر کی وجہ سے فاٹا کے لوگوں میں سخت بے چینی ہے، اس کے سنگین نتائج برآمد ہونگے۔ چیئرین تحریک انصاف نے کہا ہم مطالبہ کرتے ہیں حکومت قومی اسمبلی میں فاٹا اصلاحات کا مکمل پیکیج اور ایف سی آر کے خاتمے کا بل فوری پیش کرے اور پشاور ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کا دائرہ کار ان علاقوں تک وسیع کرے، حکومت آئین کے آرٹیکل 106 میں ترمیم کر کے خیبر بپی کے اسمبلی میں فاٹا کے ارکان کی نمائندگی بڑھائے۔ عمران خان آج (بدھ کو ) چار روزہ دورہ پر کراچی پہنچیں گے، خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ عمران خان مختلف اضلاع میں ورکرز کنونشن اور دیگر اجتماعات سے خطاب کریں گے۔عمران خان سے سینئر قانون دان بابر اعوان نے ملاقات کی۔ آئینی، قانونی اور سیاسی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں انسداد دہشت گردی عدالت کے فیصلے کیخلاف ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ عمران خان نے بابر اعوان کو ہائی کورٹ میں اپیل دائر کرنے کی ہدایت کردی۔ ملاقات میں فاٹا کے خیبر پی کے میں انضمام کیلئے سیاسی سطح پر کوشش تیز کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

مزیدخبریں