راولپنڈی ، اسلام آباد (ایجنسیاں+سٹاف رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین کو مسئلہ کشمیر کی طرح حل طلب سمجھتے ہیں، پاکستان فلسطین کے مسئلے پر ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔ منگل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے فلسطین کے سفیر ولید ابو علی نے جنرل ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں ملاقات کی۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان فلسطین کے مسئلے پر ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا، مسئلہ فلسطین کو مسئلہ کشمیر کی طرح حل طلب تنازعہ سمجھتے ہیں، پاکستان دونوں مسائل کے حل کیلئے سیاسی، اخلاقی اور عوامی حمایت پر یکساں موقف رکھتا ہے۔ ولید ابو علی نے فلسطینی کاز کیلئے پاکستان کی حمایت پر تشکر کا اظہار کیا۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع محمد بن عبداللہ العسی نے بھی ملاقات کی جس میں علاقائی سلامتی اور دوطرفہ دفاعی تعاون بڑھانے کے امور زیر غور آئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع کی ملاقات جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوئی۔ سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع محمد بن عبداللہ نے پاک فوج کی پیشہ وارانہ معیار اور کارکردگی کو سراہا۔