اسلام آباد (نوائے وقت نیوز + آئی این پی) قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اجلاس میں بتایا گیا کہ ٹی آئی پی ہری پور کے 2500 کے قریب پنشنرز کو بنکوں سے ادائیگی کی ہدایت دیدی گئی ہے۔ رہ جانے والے پنشنرز اور ان کے لواحقین کو یاد دہانی کے خطوط لکھ دیئے گئے ہیں۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹر شاہی سید کی صدارت میں اجلاس پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ وزیرمملکت انوشہ رحمن نے کہا کہ سینٹ کمیٹی کی کوششوں سے وزارت کی مدد کی گئی۔ رہائشیوں نے ایک ہی میٹر سے پوری آبادی کو کنکشن دیئے ہوئے تھے۔ ایک کروڑ 5 لاکھ ماہانہ بجلی بل اب 8 ہزار 5 سو ہے۔ ٹی آئی پی کی ایک ہزار کنال زمین پر چائینہ کٹنگ کی گئی ہے۔ سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے وزارت توانائی کو گردشی قرضوں کی ادائیگی کے حوالے سے آڈٹ حکام کے اعتراضات کا جواب دینے کیلئے مزید دوہفتوں کی مہلت دیدی۔کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر دو ہفتوں میں وزارت توانائی نے گردشی قرضوں کے حوالے سے ادائیگیوں تسلی بخش جواب نہ دیا اور کمیٹی کو مطمئن نہ کیا تو معاملہ تحقیقات کیلئے نیب کو بھیجا جائے گا۔