اسلام آباد (نا مہ نگار) حکومت کی طرف سے قومی اسمبلی کو آگاہ کیا گیا ہے کہفوجی عدالتوں کو دہشت گردوں کے717مقدمات بھیجے گئے جن میں سے284کو سزائے موت،192 کو قید بامشقت اور2کو بری کیا گیا جبکہ185مقدمات ابھی بھی زیر سماعت ہیں ،56دہشت گردوں کو پھانسی دیدی گئی ہے۔ حکومت اس وقت ڈیزل پر 6روپے 85پیسے،پٹرول پر 4روپے جبکہ مٹی کے تیل پر 3روپے 74پیسے فی لیٹر سبسڈی دے رہی ہے، پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے ایک علاقہ میں جہاں اڑھائی سو میٹرز ہونے چاہئیں وہاں صرف تین میٹر سے پورے علاقے کو بجلی فراہم کی جارہی ہے‘ صرف پشاور پیسکو کی وجہ سے سرکلر ڈیٹ میں اڑھائی سو ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑا،محکمہ موجود مافیا کے خلاف بھی کارروائی کی جارہی ہے۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران شمس النساء کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان نے کہا کہ حکومت کی توجہ متبادل ذرائع سے بجلی کی پیداوار پر مرکوز ہے اور اس حوالے سے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ سندھ کے پانی کے بعد گیس بھی بند کی جارہی ہے۔ عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ سندھ کی گیس بند کرنا آئین کے آرٹیکل 258 کی خلاف ورزی ہے۔ اس کے جواب میں وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے کہا کہ کراچی میں گھریلو صارفین‘ کمرشل صارفین اور زیرو ریٹڈ صنعتوں کے لئے گیس کی کوئی لوڈشیڈنگ نہیں ہے۔ اکتوبر میں ہم نے انہیں نوٹس دیا تھا کہ آپ متبادل توانائی پر آجائیں۔ سندھ کے سی این جی سٹیشنوں کو جونہی صورتحال بہتر ہوتی ہے گیس کی فراہمی شروع کردی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کنہڑ اور بعض دیگر گیس کے کنوئوں میں سے گیس کی فراہمی میں کمی کے باعث یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ سید نوید قمر نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 258 کو پامال کیا جارہا ہے۔ ہم نے کسی مخصوص سیکٹر کی بات نہیں کی۔
فوجی عدالتوں سے 284 دہشت گردوں کو پھانسی، 192 کو قید کی سزا ہوئی، حکومت
Dec 13, 2018