اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرنے مجالس قائمہ کے قیام پر حکومت اوراپوزیشن کے درمیان پایا جانے والا ڈیڈلاک ختم کرنے کیلئے متحدہ مجلس عمل سے مددطلب کرلی ہے اور ایم ایم اے سے کردار ادا کرنے کی درخواست کی ہے ۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں ایم ایم اے کے ارکان نے قائدین مولانا اسعد محمود اور مولانا عبدالاکبرچترالی کی قیادت میں سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی۔یہ ملاقات سپیکر کی خصوصی دعوت پر ہوئی۔ مولانا اسعد محمود نے کہا کہ ہم اس حوالے سے اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کو اختیار دے چکے ہیںجس پر سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اس معاملہ میں تعاون مانگ لیا۔جس پر پارلیمانی لیڈر ایم ایم اے مولانا اسعد محمود نے کہا کہ اس معاملہ پر ہم مشاورت کریں گے ملاقات میں جماعت اسلامی کے رہنما مولانا عبدالاکبرچترالی بھی موجودتھے اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق اسد قیصر نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے تجربہ کار ارکان کو اپیل کرو ں گا کہ وہ ایوان کی کاروائی کو موثر طریقے سے چلانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔اختلاف رائے رکھنا ہر رکن اور ہر جماعت کا حق ہے مگر ماحول کو ساز گار رکھنا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔تمام اراکین قائمہ کمیٹیوں کے قیام اور قانون سازی میں پیدا ہونے والے جمود کو توڑنے میں آگے بڑھیں ۔متحدہ مجلس عمل کے جانب سے سپیکر کو احسن طریقے سے ایوان کی کاروائی چلانے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے متحدہ مجلس عمل کے رہنمائوں نے کہا کہ ایم ایم اے حکومت کے نرم خو اور لچک رکھنے والے اکابرین سے مل کر ماحول کو ساز گار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں گے ۔ اجلاس میں قانون سازی کے عمل کو فوری اور موثر بنانے کے لیے تجاویز بھی دی گئیں۔