راجہ پرویز اشرف کا مفاہمانہ خطاب، حکومتی ارکان نے بھی داد دی

اسلام آباد(چوہدری شاہد اجمل)بدھ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کے خطاب نے حکومت کو بھی ان کی تعریف پر مجبور کر دیا،اپوزیشن اور حکومتی اراکین راجہ پرویز اشرف کے خطاب کے دروران ڈیسک بجا کر انہیں داد دیتے رہے۔ راجہ پرویز اشرف کا مصالحانہ اور مفاہمانہ خطاب پورے ایوان کی توجہ کا مرکز بن گیا۔ مسلم لیگ (ن) کے اراکین نے انہیں ’’یونیورسل لوٹا‘‘ قرار دے دیا۔فواد چوہدری جب اپوزیشن کی کرپشن کا ذکر کررہے تھے تو انہوں نے پنجابی کی مثال’’جنہاں کھادیا گاجراں،ڈھڈانہاں دے پیڑ‘‘بھی سنائی،اجلاس کے دوران ڈپٹی سپیکرقاسم سوری نے مسلم لیگ(ن) کے رہنماء خواجہ سعد رفیق کی گرفتاری بارے باقاعدہ ایوان کو آگاہ کیا۔اجلاس کے دوران وزراء کے امتحان میں پاس ہونے کے بھی تذکرے ہوتے رہے اور اپوزیشن کی طرف سے طنزا وزرا کو مبارکباد بھی دی گئی۔اجلاس کے دوران سابق سپیکر ایاز صادق نے پیپلزپارٹی کے رہنماء راجہ پرویز اشرف سے ان کی نشست پر جاکر ملاقات کی جبکہ وزیرخزانہ اسد عمر پیپلزپارٹی کے رہنماء ا ور سابق وزیر خزانہ سید نوید کی نشست پر ان کے پاس گئے اور ان سے طویل گفتگو کرتے رہے۔ ایوان میں اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی جب وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان فیصل آباد سے رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض احمد کی نشست پر کھڑے باتیں کر رہے تھے کہ ان کی وزارت سے متعلق سوال آیا تو ڈپٹی سپیکر نے ان سے کہا کہ غلام سرور صاحب سوال کا جواب دیں ،وزیر موصوف جلدی میں اپنی نشست پر تو آگئے لیکن انہیں سوال کا علم نہ تھا پہلے انہوں نے وزیر اطلاعات فواد چوہدری سے سوال کے بار ے میں پوچھا،ان کی یہ حالت دیکھ کر ڈپٹی سپیکر نے سوال پو چھنے والے رکن عبدالقادر پٹیل سے کہا کہ آپ دوبارہ سوال پوچھ لیں،عبدالقادر پٹیل جب دوبارہ ضمنی سوال پوچھنے کے لیے کھڑے ہوئے ڈپٹی سپیکر ان کانام بھول گئے انہوں نے کہا کہ ’کیا نام ہے؟‘‘جس پر عبدالقادر پٹیل بولے کمپیوٹر سکرین پر دیکھ لیں میرا نام آرہا ہو گا۔سوال کرنے کے دوران عبدالقادر پٹیل نے غلام سرور خان کو مخاطب کرتے ہوئے فیض احمد فیض کا شعر پڑھا کہ’’ہم تو مجبور وفا ہیں مگر اے جان جہاں اپنے عشاق سے ایسے بھی کوئی کرتا ہے‘‘

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...