اسلام آباد (سٹی رپورٹر) صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ سی پیک کی وجہ سے دنیا نے دوبارہ مسئلہ کشمیر پر توجہ دینا شروع کر دی ہے۔ امریکہ اور چین کے مابین تنازعہ ایک حقیقت ہے، اس تنازعے سے اپنے آپ کو الگ رکھنا بڑا چیلنج ہے، بھارت نے مذاکرات بند کر کے کشمیر میں بدترین دہشتگردی شروع کر رکھی ہے تا کہ عوام سرینڈر کر دیں۔ بھارت کے ساتھ مذاکرات ہونے چاہیں مگر کسی کرشمے کی امید نہ رکھی جائے۔ امریکہ نے دنیا میں امن کیلئے کبھی کوئی کردار ادا نہیں کیا ہے۔ دنیا میں نئی قوتیں ابھر رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (اپری) کے زیراہتمام منعقدہ سیمینار ’’ جنوبی ایشیا میں تعاون اور تنازعات: میجر پاورز کا کردار‘‘ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔