لاہور (سپورٹس ڈیسک ) بھارت میں جاری ہاکی ورلڈ کپ کے پہلے کوارٹر فائنل نے انگلینڈ نے اولمپکس چیمپئن ارجنٹائن کو شکست دے کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ۔ ارجنٹائن نے پیلٹ کے گول کے ذریعے کھیل کے 17ویں منٹ میں برتری حاصل کی جو انگلینڈ نے 27ویں منٹ میں مڈلٹن کے ذریعے گول کرکے برابر کر دی ۔ انگلینڈ نے 45ویں منٹ میں کلنن کے ذریعے گول کرکے برتری حاصل کرلی جو ارجنٹائن نے تین منٹ بعد پیلٹ کے ذریعے گول کرکے مقابلہ دوبارہ دو دو گول سے برابر کردیا ۔ انگلینڈ نے ایک منٹ بعد ہی کھیل کے 49ویں منٹ میںمارٹن کے ذریعے گول کر کے پھر تین دو سے برتری حاصل کرلی جو کھیل کے اختتام تک برقرار رہی۔انگلینڈ نے مسلسل تیسری بار ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا ہے ۔ دوسرے کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا نے فرانس کو صٖفر کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔فاتح ٹیم کی طرف سے ہیوارڈ نے چوتھے ‘گوئورز نے انیسویں اور زیلے وسکی نے سینتیسویں منٹ میں گو ل کیا ۔آج بھی دو کوارٹر فائنل کھیلے جائیں گے ۔پہلا میچ جرمنی اور بیلجیئم کے درمیان جبکہ دوسرا میچ بھارت اور ہالینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ میگا ایونٹ کے سیمی فائنل پندرہ دسمبر کو جبکہ فائنل سولہ دسمبر کو کھیلا جائے گا۔