کراچی(وقائع نگار) پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ملک میں آج تک جو ہوا سیاست دانوں نے کیا اور ہم ایسی تبدیلی نہیں چاہتے جو مرغی کے انڈوں پر چلے۔پارلیمینٹ جمہوری سیاست سے منسلک ہونی چاہیے۔ہم یوٹرن نہیں لیتے آج کل سیاست جھوٹ پر کی جا رہی ہے، ماضی میں جو لوگ پارلیمینٹ کو بہت کچھ کہتے رہے آج وہ پارلیمینٹ میں بیٹھے ہیں۔بدھ کو ملیر بار میں وکلا سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا کہ آج تو لوگ یو ٹرن کو بھی اپنی کامیابی کی کہانی کہتے ہیں، لیکن ہم تو وہ سیاست دان ہیں جو وعدہ پورا کرنے کے لیے تختہ دار پر چڑھنا جانتے ہیں، پاکستان آنے سے روکا جاتا ہے ہم آتے ہیں شہید ہوجاتے ہیں یو ٹرن نہیں لیتے جب کہ آپ حکومت میں آئے ہو جو وعدے کیے پورے کرو ، ہم ایسی تبدیلی نہیں چاہتے جو مرغی کے انڈوں پر چلے، مرغی کے انڈے والی باتیں نہ کرو۔خورشید شاہ نے کہا کہ ملک میں آج تک جو ہوا سیاست دانوں نے کیا، غلطیاں ہوئی ہوں گی لیکن ملک کو نہیں توڑا، سیاست دانوں نے ہاری ہوی جنگیں جیتی، 18 سالوں میں ملک توڑ دیا گیا، تین جنگیں لڑیں، ڈیم کیوں نہیں بنے، کیوں کہ اس ملک میں قانون کی حکمرانی کم رہی۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کے بعد 52 سے 70 تک ڈکٹیرز کا کنٹرول رہا، اس ملک میں پیروکریٹس کو لایا گیا، سکندر مرزا جیسے لوگ آئے، پارلیمنٹ پر بھی انکا کنٹرول رہا، انہوں نے 62 کا آئین بھی دیا۔