راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹرسے)امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ مدینہ کی اسلامی ریاست بنانے کے دعویدارحکمران ہروہ اقدام کررہے ہیں جواسلام مخالف ہے اقلیتی رکن اسمبلی کا شراب پرپابندی کا بل حکومت کی جانب سے مستردکیا جانا قابل مذمت اقدام ہے ۔اسلامی نظریے کی بنیاد پرقائم ہونے والی ریاست میں سود،شراب سمیت دیگربرائیوں پرپابندی لگاکر اسلامی شعائرکوفروغ دیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طلبہ کے زیراہتمام راولپنڈی آئیڈیازسٹوڈنٹ ایکسپو اورذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد عثمان آکاش،صوبائی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان ،صدرالخدمت فائونڈ یشن پنجاب رضوان احمد،ناظم راولپنڈی جمعیت جوادلیاقت ،دیگرعہدیداران سمیت اساتذہ، طلبہ وطالبات اوروالدین کی بڑی تعدادبھی شریک تھی۔ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ ملکی دولت لوٹ کراپنے محلات اور بنک بیلنس بنانے والوں کے خلاف بلاامتیازاحتساب ہونا چاہیے ،نیب اوراحتساب سے متعلق ادارے حکومت واپوزیشن کی تفریق کے بغیرہراس لٹیرے کوجیل کی سلاخوں کے پیچھے پہنچائیں جس نے مسائل میں پسے ہوئے عوام اورملک کی دولت لوٹی،میٹروراولپنڈی وملتا ن میں بے ضابطگیوں کے خلاف تحقیقات خوش آئندہیں پشاورمیٹروکے حوالے سے بھی عدالتی احکام کی روشنی میں نیب تحقیقات کرے ۔ انھو ں نے کہاکہ طلبہ کومثبت نصابی و ہم نصابی سرگرمیاں دینا اسلامی جمعیت طلبہ کا زندہ کردارہے،پنجاب سمیت پورے ملک میں ایجوکیشن ایکسپوزکے ذریعے طلبہ وطالبا ت کے ٹیلنٹ کواجاگرکرنے پرطلبہ کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں ،پاکستان میں برطانوی نظام تعلیم کوتبدیل کرکے اسلامی نظام تعلیم رائج کیا جائے تاکہ پاکستان کا مستقبل ،طلبہ اورنوجوان اسلام اورملک قوم کی بہتراندازمیں خدمت کرسکیں انھوں نے کہاکہ پاکستان کی جغرافیائی اورنظریاتی سرحدوں کی حفاظت کیلئے جمعیت کا قابل قدرروشن کرداربہت نمایا ں ہے ،جدید علوم اورٹیکنالوجی یورپ اورعالم کفرنہیں بلکہ امت مسلمہ کی میراث ہے۔