اسلام آباد: سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس کی سماعت آج بھی جاری ہے اور نیب پراسیکیورٹر جواب الجواب دے رہے ہیں جب کہ العزیزیہ ریفرنس کا فیصلہ بھی آج محفوظ کیے جانے کا امکان ہے۔
احتساب عدالت میں نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس میں حتمی دلائل مکمل کر لیے گئے ہیں جب کہ نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی آج جواب الجواب دے رہے ہیں۔ نواز شریف بھی کمرہ عدالت میں موجود ہیں۔
گزشتہ روز نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے سات روز بعد اپنے حتمی دلائل مکمل کیے تھے جب کہ ٹرائل مکمل کرنے کے لیے سپریم کورٹ کی جانب سے ملنے والی آٹھویں مہلت ختم ہونے میں پانچ روز باقی رہ گئے ہیں۔
گزشتہ سماعت میں خواجہ حارث نے کہا تھا کہ تفتیشی افسر یہ نہیں کہہ سکتے تھے کہ عوامی عہدے رکھنے کے بعد نوازشریف خاندان کے بااثر شخص بن گئے ہیں جب کہ نوازشریف نے کہا کہ ان کا بچوں کے کاروباری معاملات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
خواجہ حارث نے کہا کہ العزیزیہ اسٹیل مل اور ایچ ایم ای کے حوالے سے بھی نوازشریف سے وضاحت نہیں مانگی جاسکتی تھی ۔تاہم حسین اور حسن نواز عدالت کے سامنے ہوتے تو ان کا اعترافی بیان نوازشریف کے خلاف استعمال ہوسکتا تھا۔