اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر)کیوبنگ پاکستان، ایئر یونیورسٹی اسلام آباد اور دی ورلڈ کیوب ایسوسی ایشن کے تحت پاکستان ونٹر کیوبک 2019ء کے مقابلے 21 دسمبر سے ایئر یونیورسٹی اسلام آباد میں منعقد کئے جارہے ہیں۔ 2018ء میں پاکستان میں پہلے کامیاب مقابلوں کے بعد کیوبنگ پاکستان کی جانب سے ہر سال کیوبک مقابلے منعقد کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان میں پہلے مقابلے پاکستانی نژاد کینیڈین نوجوان عبداللہ غالب کی کاوشوں سے منعقد کئے گئے تھے جوکہ ٹورنٹو کینیڈا میں انجینئرنگ یونیورسٹی کے طالبعلم ہیں اور یہ مقابلے کامیاب رہے ۔ کینیڈا سے آنے والے پروفیسر محمد اعظم نے کہا ہے کہ پاکستان میں کیوبنگ کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں جس کیلئے ورلڈ کیوب ایسوسی ایشن
کا تعاون حاصل ہے۔ کیوبنگ مقابلوں سے نوجوانوں کی دماغی و ذہنی صلاحیتوں اور قوت فیصلہ میں اضافہ ہوتا ہے۔ واضح رہے گزشتہ ماہ میونخ جرمنی میں کیوبک کے عالمی مقابلے ہوئے تھے جس میں پاکستان کی جانب سے کراچی کے واحد کمسن حانیال ادریس نے نمائندگی کی تھی۔