غداری کیس‘ فیصلہ سنانے سے روکنے کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر

Dec 13, 2019

اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کا فیصلہ سنانے سے روکنے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے۔ سپریم کورٹ میں درخواست لاہور ہائی کورٹ بار راولپنڈی بینچ کے سابق صدر توفیق آ صف کی جانب سے دائر کی گئی۔ جس میں وزارت داخلہ ،پرویز مشرف ،خصوصی عدالت اور وفاقی حکومت کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزارت داخلہ سنگین غداری کیس میں تاخیری حربے اپنا رہی ہے، حکومت نے وزارت داخلہ میں پرویز مشرف کے قریبی مددگار کو تعینات کر رکھا ہے، حکومت مشرف کا کیس واپس لینے کی کوشش کر رہی ہے، لاہور ہائی کورٹ نے خصوصی عدالت سے کیس کا تمام ریکارڈ طلب کر رکھا ہے۔ ہائی کورٹ کے حکم کے باعث خصوصی عدالت 5 دسمبر کو فیصلہ نہیں سنا سکی، سپریم کورٹ خصوصی عدالت کے فیصلوں پر ہائی کورٹ کے دائرہ اختیار پر فیصلہ دے اور اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلے سے روکنے کا حکمنامہ کالعدم قرار دیا جائے۔

مزیدخبریں