اسلام آباد (نیوز رپورٹر، نیٹ نیوز) وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے پیغام میں ای او بی آئی پنشن میں اضافے کو ریاست مدینہ کی طرف ایک اور قدم قرار دیدیا ہے۔ ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم عمران خان نے لکھا کہ حکومت نے ای او بی آئی پنشن میں 62 فیصد اضافہ کرتے ہوئے ایک سال میں اسے 8 ہزار 500 تک بڑھا دیا ہے۔ وزیراعظم نے لکھا کہ اس اقدام سے ریٹائرمنٹ کے بعد پنشنرز کی سکیورٹی میں مدد ملے گی۔ یہ ریاست مدینہ کی جانب ایک اور قدم ہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز اینڈ ایچ آر ڈی زلفی بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور ان کی ٹیم کا اولین مقصد عام آدمی کو ریلیف مہیا کرنا ہے۔ ای او بی آئی پنشنرز کی سالانہ رقم میں 30 فیصد اضافہ کر رہے ہیں، اس کا اطلا ق یکم جنوری 2020 سے ہوگا۔ کم از کم پنشن 6500 روپے سے بڑھا کر 8500 کر دی گئی ہے اور 15000روپے تک بڑھانے کا ارادہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے اسلام آباد میں کمرشل اینڈ کارپوریٹ کمپلیکس کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ زلفی بخاری نے کہا کہ اس اضافے سے متعلق سمری منظوری کیلئے اگلے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کرے گی۔ ہم اپنے عہد کے اختتام تک اس رقم کو 15000 تک بڑھانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ معاون خصوصی نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے پنشنرز کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوششوں میں صرف ڈیڑھ سال کے دورانیہ میں دو بار اضافہ کیا۔ حکومت نے پہلے ہی 2018 کے دوران ای او بی آئی کی کم سے کم پینشن 5 ہزار 250 روپے سے بڑھا کر 6500 روپے کردی تھی اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے آنے کے بعد ہی پینشن میں 62 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔