اسلام آباد(نا مہ نگار) احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کی رہائی کیلئے روبکار جاری کر دی ۔جمعرات کو احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان کی عدالت میں ضمانتی مچلکے پپش ہونے کے بعد روبکار جاری کی گئی ۔ سابق صدر آصف علی زرداری کے ضمانتی مچلکے رب نواز اور سردار توقیر نے جمع کروائے ہیں جبکہ راجہ صابر اور راجہ زاہد نے ضمانتی مچلکوں سے متعلق گواہی دی ہے ۔اس موقع پر فاضل جج محمد اعظم خان نے ضمانت دینے والوں سے استفسار کیا کہ آپ کو پتہ ہے کس کیس میں ضامن بن رہے ہیں۔ضامن رب نواز نے کہا کہ جی مجھے معلوم ہے ۔آصف علی زرداری کی میگا منی لارنڈرنگ اور پارک لین کیس میں رہائی کیلئے الگ الگ روبکار جاری کی گئی ہے ۔آصف زرداری کی رہائی کیلئے روبکار جیل سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو بھجوائی جائے گی ۔