نیامے (اے پی پی +انٹرنیشنل ڈیسک) افریقی ملک نائیجر میں دہشت گردوں نے فوجی اڈے پر حملے کیے جس کے باعث 78 اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دہشتگردوں نے بھاری ہتھیاروں سے مغربی حصے میں مالی کی سرحد کے قریب واقعے فوج اڈے کونشانہ بنایا۔وزارت دفاع کے ترجمان نے ٹی وی پر نشر کیے گئے بیان میں حملے میں 78 اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جوابی کارروائی میں حملہ آور بھی مارے گئے ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ شدت پسندوں کے حملے میں 12 فوجی زخمی بھی ہوئے جن میں کچھ کی حالت تشویشناک ہے جبکہ بعض اہلکار لاپتہ ہیں۔ صدارتی ترجمان نے ٹوئٹر پر کہا کہ اس افسوسناک سانحے پر صدر محمد الصوفو مصر کا دورہ مختصر کرکے واپس وطن لوٹ رہے ہیں۔خبر رساں ادار کے مطابق فوری طور پر کسی گروپ یا علیحدگی پسندوں نے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی اور نائیجر کی تاریخ کا سب سے خونریز واقعہ قرار دیا جارہا ہے۔