سابق صدرآصف زرداری کوآج کراچی کےاسپتال منتقل کیاجائیگا

Dec 13, 2019 | 09:36

ویب ڈیسک

سابق صدر آصف علی زرداری کو آج کراچی کے نجی اسپتال میں داخل کرایا جائے گا۔ اس موقع پر اسپتال کے اندر اور باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔سابق صدر زرداری چارٹر طیاے کے ذریعے خصوصی پرواز سے کراچی پہنچیں گے۔ جہاں سے انہیں کلفٹن میں واقع نجی اسپتال منتقل کیا جائے گا۔ اسپتال میں سابق صدر کیلئے وی آئی پی کمرہ تیار کیا گیا ہے۔ اسپتال میں ہی سیکیورٹی اسٹاف کے لئے 2 الگ کمرے بھی تیار کیے گئے ہیں۔ اسپتال کی چوتھی منزل کے وی آئی پی سوٹ 2 میں انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، جب کہ سیکیورٹی اور دیگر اسٹاف کو الرٹ رکھا گیا ہے۔

والد کے استقبال اور انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے بلاول بھٹو زرداری جمعرات کی رات ہی کراچی پہنچ گئے تھے۔ جہاں انہوں نے پارٹی کے سینیر رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی نے آج پارٹی جنرل ورکرز کا اجلاس بھی طلب کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ میگا منی لارنڈرنگ اور پارک لین کیس میں طبی بنیادوں پر آصف زرداری کی ضمانت بدھ 11 دسمبر کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے منظور کی تھی اور رہائی احتساب عدالت میں ایک کروڑ روپے کے مچلکے جمع کرانے کے بعد عمل میں آئی۔ روبکار کے مطابق اگلی پیشی 17 دسمبر کو ہے۔

اس سے قبل سابق صدر نے ساڑھے 3 ماہ اڈیالہ جیل میں اور ڈیڑھ ماہ پمز اسپتال میں گزارے اور اب 5 ماہ بعد وہ واپس کراچی پہنچ رہے ہیں۔

مزیدخبریں