ججز میرٹ پر فیصلے کریں اور صرف اللہ سے ڈریں: جسٹس شمیم خان

Dec 13, 2019

بہاولپور(بیورورپورٹ )چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ لاہور مسٹر جسٹس سردار محمد شمیم خان کے اعزاز میں ڈسٹرکٹ جوڈیشری بہاول پور نے الوداعی عشائیہ کی تقریب بہاول کلب بہاول پور میں منعقد کی۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ لاہورمسٹر جسٹس سردار محمد شمیم خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ جوڈیشری ملکی نظام عدل کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے کیونکہ مقدمہ کی ابتدا اور اس پر زیادہ محنت ڈسٹرکٹ جوڈیشری میں ہوتی ہے۔ انہوںنے کہا کہ عدالتی نظام میں مستعدی اور تیزی لانے کے لیے ماڈل کورٹ ، سول کورٹ ، اوورسیز کورٹ کے قیام میں ڈسٹرکٹ جوڈیشری نے بہت محنت کی جس کی بدولت حوصلہ افزاء نتائج حاصل ہوئے۔چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس سردار محمد شمیم خان نے کہا کہ تمام عدالتوں کا بنیادی کام انصاف کی فراہمی ہے اور اللہ کی طرف سے ججز پر یہ ذمہ داری عائد کی گئی ہے کہ انصاف فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ جج میرٹ کے مطابق فیصلے کرتا ہے تو آخرت میں جنت بھی یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک دن کے مقدمات کے درست فیصلے 60سال کی نفلی عبادت سے افضل ہیں۔ججز میرٹ پر فیصلے کریں اور صرف اللہ سے ڈریں۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ جوڈیشری کی بہتری کے لیے ڈسٹرکٹ جوڈیشل الاؤنس کو بحال کیا۔ 32 سول ججز کو سینئر سول جج اور اتنے ہی ایڈیشنل سیشن جج ترقی یاب ہوئے جبکہ آئندہ چند روز میں 17ایڈیشنل سیشن ججز کو بطور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ترقی دے دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ جوڈیشری کو خودمختار بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے گئے ہیں جس کے لیے ہائی کورٹ کے ججز نے بھرپور تعاون کیا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ لاہور عبدالستار نے کہا کہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ لاہور مسٹر جسٹس محمد شمیم خان نے روایتی عدالتی طریقہ کار میں بہتری اور تیزی لانے کے لیے اقدامات اٹھائے اور مقدمات نمٹانے کے لیے مصالحتی عدالتوں کی کارکردگی بہتر بنائی۔ ڈسٹرکٹ جوڈیشری کے افسران و سٹاف کی استعداد کار کو بہتر بنانے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے خصوصی کاوشیں کیں۔ایڈیشنل سیشن جج بہاو ل نگر شہباز احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ لاہور مسٹر جسٹس محمد شمیم خان کی زندگی اعلیٰ روایات کی پاسدار ہے ۔ انہوں نے ضلعی عدلیہ کی بہتری کے لیے اہم اقدامات اٹھائے۔جسٹس شجاعت علی خاں، جسٹس (ر) فرخ محمود ، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج رحیم یارخاں سعید اللہ مغل، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج بہاول نگر منظر علی گِل، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج بہاول پورمشتاق احمد اوجلہ ، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لودھراں عبدالرحمن بودلہ، صدر ہائی کورٹ بار نوید اقبال چوہدری، صدر ڈسٹرکٹ بار بہاول پور میاں محمد اظہر، جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار شیراز بری، سول ججز، سینئر سول ججز، ایڈیشنل سیشن ججز اور وکلاء شریک ہوئے۔چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس سردار محمد شمیم خاں نے لاہور ہائی کورٹ بہاول پور بنچ میں ججز ریسٹ ہاؤس میں زیتون کا پودا لگایا۔

مزیدخبریں