گلگت میں ہائیڈل کے شعبہ میں ترقی، سستی بجلی کی فراہمی میں معاون ثابت ہو گی،علی امین

اسلام آباد(نیوزرپورٹر) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں سیاحت، معدنیات اور ہائیڈل پاور کے شعبہ کی ترقی خطے کی خوشحالی میں اہم سنگ میل ثابت ہو گی وزارت امور کشمیر سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے گلگت بلتستان کو بھرپور معاونت فراہم کررہی ہے، گلگت بلتستان میں پن بجلی کے شعبہ میں بے پناہ مواقع اور صلاحیت موجود ہے۔جمعرات کو وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان میں سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام کے تحت منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے کی۔ اجلاس کے دوران گلگت بلتستان میں سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام کے تحت پن بجلی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ گلگت بلتستان میں 34 میگاواٹ ہارپو، 16 میگاواٹ نلتر تھری اور 32 میگاواٹ عطا آباد ہائیڈل منصوبوںپر کام ہو رہا ہے۔ اجلاس کے دوران منصوبوں کی تکنیکی و مالیاتی صورتحال کا جائزہ لیاگیا۔ اس موقع پر وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے متلعقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔ وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان اس ضمن میں بھرپور معاونت کررہی ہے۔ گلگت بلتستان میں پن بجلی کے شعبہ بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ بیرونی سرمایہ کار گلگت بلتستان میں ہائیڈل کے شعبہ میں سرمایہ کاری سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں ہائیڈل کے شعبہ میں ترقی، سستی بجلی کی فراہمی میں معاون ثابت ہو گی۔ علی امین نے کہاکہ گلگت بلتستان میں سیاحت، معدنیات اور ہائیڈل پاور کے شعبہ کی ترقی خطے کی خوشحالی میں اہم سنگ میل ثابت ہو گی۔

ای پیپر دی نیشن