یمن کی سرکاری فوج نے الجوف گورنری کے پہاڑی سلسلے قشعان اور وادی سلبہ میں حوثی باغیوں کے خلاف تازہ کارروائی میں اس علاقے کو باغیوں سے آزاد کرلیا ہے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق شمالی محاذ کی قیادت میں جبل قشعان اور وادی سلبہ میں شروع کیے گئے آپریشن میں حوثی ملیشیا کو بھاری جانی اور مالی نقصان سے بھی دوچار کیا گیا ہے۔ فوج کی فوری اور فیصلہ کن کارروائی سے حوثی اپنی پناہ گاہوں میں چھپنے اور محاذ جنگ سے فرار ہونے پرمجبور ہوگئے۔یمنی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے جبل قشعان کے پورے علاقے اور وادی سلبہ کے بیشتر مقامات حوثی باغیوں سے آزاد کرالیے ہیں۔ اس آپریشن میں حوثیوں کو بھاری جانی نقصان کے ساتھ فوجی سازو سامان کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔جبل قشعان میں یمنی فوج کے آپریشن میں عرب اتحادی فوج کی طرف سے فضائی مدد فراہم کی گئی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ جبل قشعان میں کیئے گئے آپریشن میں حوثی باغیوں کی تین فوجی گاڑیاں مکمل طورپر تباہ کردی گئیں۔شمالی محاذ کے کمانڈر بریگیڈیئر ہیکل حنتف نے بتایا کہ جبل قشعان مکمل طورپر سرکاری فوج کے کنٹرول میں آگیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جبل قشعان میں کارروائی پوری منصوبہ بندی کے تحت کی گئی تھی جس میں حوثی باغیوں کو مکمل شکست سے دوچار کیا گیا ہے۔
یمنی فوج نے الجوف میں جبل قشعان کا کنٹرول مضبوط کر لیا
Dec 13, 2019 | 12:23