سعودی سفیرہ کا فلوریڈا میں ایئربیس کا دورہ،فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات کی یقین دہانی

Dec 13, 2019 | 12:40

ویب ڈیسک

امریکا میں سعودی عرب کی سفیر شہزادی ریما بنت بندر آل سعود نے  فلوریڈا کے بنساکولا فضائی اڈے کا دورہ کیا۔ انہوں نے وہاں گذشتہ ہفتے ایک نا خوش گوار واقعے میں تین امریکی فوجیوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا اور امریکی حکام کو یقین دہانی کرائی کہ سعودی حکومت اس واقعے کی تحقیقات کے لیے ہرممکن اقدامات کرے گی۔خیال رہے کہ فلوریڈا ریاست کے پنسا کولا ایئربیس پر گذشتہ ہفتے ایک سعودی زیر تربیت اہلکار نے فائرنگ کرکے تین امریکی فوجیوں کو ہلاک اور آٹھ کو زخمی کردیا تھا۔ جوابی فائرنگ میں حملہ آور بھی مارا گیا تھا۔شہزادی ریما نے اپنے دورے کے دوران امریکی حکام کو یقین دہانی کرائی وہ فوجی اڈے پر پیش آنے والے واقعے کی جامع تحقیقات میں امریکا کی مدد کریں گے۔انہوں نے فوجی اڈے پر امریکی فوجیوں پرحملے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ اس طرح کے واقعات میں ملوث افراد سعودی عرب کے عوام اور حکومت کی سوچ کی عکاسی نہیں کرتے۔ان کا کہنا تھا کہ فلوریڈا ایئربیس میں امریکی فوجیوں پر حملہ سعودی عرب کے لیے اہم واقعہ ہے اور اس کی جلد از جلد تحقیقات مکمل کرنے کی ضرورت ہے۔

مزیدخبریں