جاپان کے نوبل انعام حاصل کرنے والے سائنسدان اکیرا یوشینو نے کہا ہے کہ وہ ماحولیاتی مسائل حل کرنے میں مدد کے سلسلے میں قیادت کرنا چاہتے ہیں۔ سٹاک ہوم میں انعام وصول کرنے کی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اپنے اعزازی لیکچرکے ذریعے اپنا پیغام پوری دنیا تک پہنچانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ اکیرا یوشینو نے کہا کہ ان کے حاصل کردہ اعزاز میں ان سب کی کاوشیں شامل ہیں جو لیتھیم آئن بیٹریوں کو فروغ دینے میں شریک تھے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ایوارڈ ملنے پر وہ بڑی ذمہ داری محسوس کرتے ہیں جس میں ماحولیاتی مسائل کو حل کرنا بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوبل انعام حاصل کرنے والے فرد کی حیثیت سے ان کے الفاظ زیادہ سے زیادہ لوگ سنیں گے۔71 سالہ اکیرا یوشینو نے کہا کہ ماحولیاتی مسائل کو حل کرنے میں نوجوان سرگرم کردار ادا کرسکتے ہیں اور وہ ایسے ہی لوگوں کی رہنمائی کرنا چاہتے ہیں۔