اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے متفقہ طورپر منظور کی گئی ایک قرارداد میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کرتار پور راہداری کے تاریخی افتتاح کا خیرمقدم کیا ہے ۔امن کے رجحان کو پروان چڑھانے کیلئے بین المذاہب اور بین الثقافتی مکالمے کو فروغ دینے کے بارے میں یہ قرارداد پاکستان اورفلپائن نے پیش کی تھی۔قرارداد میں کہاگیاکہ سکھوں کے مذہبی مقامات تک امن راہداری کاکھلنا بین المذاہب ، ہم آہنگی اور پرامن ہمسائیگی کا جذبہ ہے ۔جنرل اسمبلی نے تمام مذاہب کے پیروکاروں خصوصاً دنیا بھرسے سکھ برادری کو ویزے کے بغیر مذہبی مقامات تک رسائی دینے سے متعلق پاکستان اور بھارت کے درمیان طے پانے والے معاہدے کا بھی خیرمقدم کیا ۔وزیراعظم عمران خان نے9نومبر کو سکھ مذہب کے بانی بابا گورونانک دیو جی کے 550 ویں جنم دن کے موقع پر راہداری کا افتتاح کیا تھا تقریب میں دنیا بھر سے سکھ یاتری شریک ہوئے تھے۔بعد میں اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقبل مندوب منیراکرم نے کہا ہے کہ جنرل اسمبلی کی یہ قرارداد وزیراعظم عمران خان کے فیصلے کی عالمی سطح پر تحسین کی غماز ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس اقدام سے یہ واضح اور دوٹوک پیغام گیا ہے کہ خطے میں کون امن کیلئے کام کررہا ہے اور کس کے اقدامات سے خطے کو سنگین خطرہ لاحق ہے۔
اقوام متحدہ کاکرتارپورراہداری کےتاریخی افتتاح کاخیرمقدم،جنرل اسمبلی میں متفقہ قراردادمنظور
Dec 13, 2019 | 16:22