حکومت پاکستان کو شملہ معاہدہ سے نکل آناچاہیے۔ راجہ محمد فاروق حیدر خان

Dec 13, 2019 | 18:49

ویب ڈیسک

وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ ریاست جموں وکشمیر ناقابل تقسیم وحدت ہے جس کو ہندوستان ہڑپ نہیں کرسکتا ،ریاست جموں وکشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کشمیری عوام رائے شماری کے ذریعے کریں گے، حکومت پاکستان کو شملہ معاہدہ سے نکل آناچاہیے ۔ وہ جمعہ کے روز آزاد جموںوکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ قائد ایوان نے اجلاس کو بتایا کہ ہندوستان نے 5اگست کو جو اقدامات اٹھائے وہ آئینی اخلاقی اور انتظامی طور پر غلط ہیں ہندوستان کبھی بھی ریاست جموں وکشمیر کی بندر بانٹ نہیں کر سکتا اس کی حیثیت صرف اور صرف ایک جارح کی ہے ۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر ایک تصفیہ طلب مسئلہ ہے جس کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق رائے شماری سے حل کرنا ہوگا۔ وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ 5اگست کے اقدامات کے بعد ہندوستان نے شملہ معاہدہ کو خود توڑ دیا ہے اب حکومت پاکستان کو قومی اسمبلی میں تحریک پیش کر کے شملہ معاہدہ سے نکل آنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا نعرہ سب پر بھاری رائے شماری رائے شماری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رائے شماری پر سب متفق ہیں ۔ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق کشمیر ی رائے شماری چاہتے ہیں کشمیریوں کے علاوہ کوئی بھی کشمیر کے متعلق فیصلہ نہیں کر سکتا ۔ ان کشمیریوں میں مسلمانوں کے علاوہ غیر مسلم اقلیتیں بھی شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیرکثیر مسلمان آبادی پر مشتمل ہے مگر اس میں بسنے والی اقلیتں بھی کشمیری ہیں ۔5اگست کے بعد ہندوستان نے کشمیریوں کو مقبوضہ ریاست کے اندر اور سیز فائر لائن پر بلا اشتعال فائرنگ کر کے تختہ مشق بنا رکھا ہے ۔ 5اگست کے بعد سیز فائر لائن پر 40شہری شہید ہو چکے ، درجنوں مکانات تباہ ہوئے اور دیگر املاک کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے کشمیری کب تک ہندوستان کے مظالم کا شکار رہیں گے ۔ حکومت پاکستان کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ کشمیر پاکستان کا کور ایشو ہے یا نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے رائے شمار ی میں میرا ووٹ پاکستان کو جائے گا۔ انہوں نے آزاد جموں وکشمیر کے سابق وز راء اعظم اور دیگر سیاسی جماعتوں کی قیادت سے کہا کہ وہ کھل کر مسئلہ کشمیر پر اظہار خیال کریں ۔ انہوں نے اپوزیشن قیادت کو دعوت دی کہ وہ پیر کے روز اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں ،یہ ملک سب کا ہے، یہ ساری جماعتوں اور قوم کی ذمہ داری ہے کہ نازک صورتحال میں مسئلہ کے حل کے لئے مثبت کردار ادا کریں ۔

مزیدخبریں