کشمیربین الاقوامی طورپرتسلیم شدہ تنازعہ ہےجسے اقوام متحدہ کی قراردادوں،کشمیریوں کی خواہشات کےمطابق حل کیاجاناچاہئے.میرواعظ

مقبوضہ کشمیر میں میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم نے کہاہے کہ کشمیر بین الاقوامی طورپرتسلیم شدہ تنازعہ ہے جسے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔

حریت فورم نے پارٹی کی ایگزیکٹو کونسل کی طرف سے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات جموں وکشمیر کی متنازعہ حیثیت کو تبدیل نہیں کرسکتے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوجی گزشتہ تین دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاںجاری رکھے ہوئے ہیں اور 5 اگست سے بھارت نے کشمیری عوام کے تمام بنیادی حقوق سلب کر لئے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے خلاف احتجاجی مظاہروں کو روکنے کیلئے میر واعظ عمر فاروق کے علاوہ حریت رہنماو ں ، کارکنوں ، وکلااور نوجوانوں سمیت ہزاروں کشمیریوں کو نظربند کر رکھا ہے۔ بیان میں عالمی برادری اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا نوٹس لیں۔

ای پیپر دی نیشن