اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی اور پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہراشرفی نے کہا کہ اسلام امن، سلامتی اعتدال کا دین ہے، اسلام جبر کی بنیاد پر کسی کو مسلمان کرنے کا حکم نہیں دیتا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اسلام اپنے پیغام حقانیت سے پھیلا ہے، پاکستان میں بعض واقعات میں کہا جاتا ہے کہ جبر کی بنیاد پر مذہب کو تبدیل کروایا گیا یا مذہب تبدیل کرانے کا جبراً کہہ کر شادی کرلی گئی۔ طاہر اشرفی کا مزید کہنا تھا کہ اس طرح کے تمام واقعات کو کیس ٹو کیس دیکھنے کیلئے اور اصل حقائق سامنے لانے کیلئے ان کا دفتر مستقل بنیادوں پر کام کر رہا ہے لہذا اگر کسی بھی پاکستانی غیر مسلم کو اس سلسلہ میں شکایت ہے تو وہ ان کے دفتر سے رابطہ کر سکتا ہے۔