راولپنڈی (عزیز علوی) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد قلمدان سنبھالنے کے بعد ہفتہ کو صبح دس بجے لال حویلی پہنچے تو کمیٹی چوک سے بوہڑ بازار تک دکانداروں نے ان کا شاندار استقبال کیا انہیں پھول پیش کئے شیخ رشید احمد نے تاجروں سے ہاتھ ملایا وہ جب لال حویلی پہنچے تووہاں ایم این اے شیخ راشد شفیق ،عوامی مسلم لیگ راولپنڈی کے رہنماء خواجہ اشتیاق، عابد مغل ،تاجر رہنماء عامر بشیر بٹ نے کارکنوں کے ہمراہ ان کا والہانہ خیر مقدم کیا اس دوران بڑی تعداد میں تاجر اور عام شہری مٹھائیاں ، کیک اٹھائے پہنچے جبکہ ایک سفید پوش لفافے میں ایک پائو مٹھائی لے کر وزیر داخلہ کومبارکباد دینے پہنچا اس دوران شیخ رشید کی فرط جذبات سے آواز رندھ گئی انہوں نے مٹھائی لانے والے کو گلے لگالیالال حویلی میں شہریوں کو جمگھٹا لگنے پر وہاں جمع افراد نے کہا کہ اللہ نے راولپنڈی شہر کو بڑی عزت دی ہے خاص طور پر ہمارے حلقے کیلئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ وفاقی حکومت میں سب سے بڑا عہدہ ہمارے ایم این اے کو ملا ہے اس موقع پر شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں لاتعداد بار الیکشن جیتا ہوں لیکن اتنی خوشی مجھے اس وقت بھی نہیں ہوئی تھی جتنی آج اپنے حلقے کے لوگوں کے چہروں پر خوشی دیکھ کر ملی ہے اس دوران شیخ راشد شفیق مہمانوں کو مٹھائی پیش کرتے رہے لال حویلی میں ہفتہ کو پہلا دن تھا جب شیخ رشید کے سامنے کسی نے کوئی درخواست اور فرمائش نہ کی بلکہ انہیں سبھی بڑھ بڑھ کے مبارکباد دیتے رہے دن دس بجے سے دو بجے تک شیخ رشید احمد اپنے سیاسی مرکز لال حویلی میں حلقے کے عوام کے درمیان بیٹھے رہے ۔