ننکانہ صاحب (نامہ نگار) وفاقی وزیر اینٹی نارکوٹکس کنٹرول بریگیڈئیر (ر) پیر اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ پوری مسیحی برادری کو کرسمس ڈے اور نئے سال کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، ضلع بھر میں امن اور بھائی چارے کی فضا قائم ہے، ملک پاکستان میں اقلیتوں کو اپنی مذہبی رسومات ادا کرنے کی مکمل آزادی ہے،اقلیتوں کے مذہبی تہواروں پر بہترین سہولیات اور فول پروف سیکورٹی کی فراہمی حکومت پاکستان کی اولین ذمہ داری ہے،کرسمس ڈے اور نئے سال کی تقریبات منانے کے لیے ہر ممکن وسائل کو بروئے کارلایا جارہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل کونسل ہال ننکانہ صاحب میں مسیحی برادری کے ساتھ کرسمس ڈے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، تقریب میں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری شنیلہ روت، اقلیتی ممبر وفاقی اسمبلی برائے مسیحی برادری شمیم فاروق،اقلیتی ممبر صوبائی اسمبلی مہندرپال سنگھ، سابقہ ممبر صوبائی اسمبلی رائے اسلم کھرل ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب راجہ منصور احمد،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اسماعیل الرحمن کھاڑک، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) محمد عثمان خالد،چیف آفیسر تحصیل کونسل عزیر انور،اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ صولت حیات وٹو،ضلعی انتظامیہ کے افسران سمیت مسیحی برادری کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی واضح ہدایت کے مطابق ملک بھر کی طرح ضلع ننکانہ صاحب میں بھی مسیحی برادری کو ریلیف دینے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں ،ضلع بھر میں امن وامان اور بھائی چارے کی فضا قائم ہے، فرقہ واریت پھیلانے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری شنیلہ روت‘ صوبائی پارلیمانی سیکرٹری مہندر پال سنگھ سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ منعقد ہ تقریب کے اختتام پر وفاقی وزیراینٹی نارکوٹیکس کنٹرول بریگیڈئیر (ر) پیر اعجاز احمد شاہ نے مسیحی برادری کے ساتھ کرسمس ڈے کے حوالے سے کرسمس کیک کاٹا اور ملک و قوم کی سلامتی کے لئے دعا بھی کی گئی۔ پیر اعجاز احمد شاہ نے مانگٹانوالہ چوک کی تزئین و آرائش کے لیے نصب کیے گئے مینارپاکستان کا بھی افتتاح کیا۔ پیر اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ منشیات کا خاتمہ میری اولین ترجیح ہے، نشہ کرنے والا مریض منشیات فروش قومی مجرم ہیں مجھے ننکانہ صاحب کے ہر منشیات فروش کا علم ہے اس لیے سب سے پہلے اپنے علاقہ ننکانہ صاحب سے منشیات فروشی کے مکروہ دھندہ کے خلا ف کریک ڈائون شروع کروں گا اور منشیات فروشوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائیگی۔ جس علاقے سے منشیات ملے گی‘ ایس ایچ او کے خلاف مقدمہ درج ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ میرے دو بھائیوں کی وفات اور میری صحت ٹھیک نہ رہنے کی وجہ سے میں نے وزیراعظم پاکستان عمران خاں سے درخواست کی تھی کہ مجھے کوئی لائٹ وزارت دے دیں۔