اپوزیشن کے کچھ لوگ رابطے میں ہیں، یہ جتنا چاہے زور لگالیں نتیجہ صفر ہوگا: وفاقی وزراء

Dec 13, 2020

لاہور/ اسلام آباد  ( نوائے وقت رپورٹ) شیخ رشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ہی سرخرو ہوں گے، اپوزیشن جتنا مرضی زور لگالے نتیجہ صفر ہی نکلے گا۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آر پار کے بجائے سیاسی کشتی منجدھار میں ڈوبے گی، لیڈر کال دیتا ہے، گلی محلوں میں دعوت نامے نہیں بانٹتا پھرتا، لوگوں کو خطرناک وائرس اور نیکٹا کے الرٹ کا بھی پتہ ہے، اپوزیشن کی ضد کی سیاست بند گلی کی جانب جا رہی ہے، اپوزیشن کی ضد کا نتیجہ مایوسی اور ناکامی کی صورت نکلے گا۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ حکومت نے اپوزیشن کو ایک دفعہ پھر مذاکرات کی دعوت دی ہے جسے ہماری کمزوری نہ سمجھا، پیپلز پارٹی استعفے نہیں دیگی اپوزیشن کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں۔ غلام سرور خان نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے کچھ لوگ وفاقی حکومت سے رابطے میں ہیں جو اپنی قیادت کے اس بیانیے کے ساتھ اتفاق نہیں کرتے انہوں نے کہا کہ اس وقت 2 اہم معاملات چل رہے ہیں جس میں ایک وزیراعظم کی پیشکش ہے کہ کرپشن کیسز این آر او اور نیب قوانین میں ترمیم کے سوا دیگر معاملات پر اپوزیشن آئے اور بیٹھ کر بات کرے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ جو گرجتے ہیں وہ برستے نہیں یہ منافق استعفوں کی ایک اور جھوٹی تاریخ دیں گے معاون خصوصی شہباز گل نے سماجی رابطے کے ویب سائٹ  پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریم صفدر نے کہا  تھا کہ 8 دسمبر کو آر یا پار ہوگا ہمیشہ کی طرح یہ بھی ایک جھوٹ تھا کل کے جلسے  میں یہ اپنے ارکان کے استعفے جمع نہیں کرا پائیں گے۔

مزیدخبریں